اسلام آباد: وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے بدھ کی صبح وزیر خزانہ سنیٹر اسحق ڈار سے ملاقات کی اس موقع پر وزیراعلیٰ نے وزیر خزانہ کی توجہ میرانی ڈیم کے متاثرین کو زرتلافی ( معاوضہ ) کی ادائیگی کے دیرینہ مسئلہ کی جانب مبذول کراتے ہوئے کہا کہ 2007کے سیلاب نے علاقے میں گھروں کو ناقابل تصور نقصان پہنچایا جس سے مقامی آبادی بری طرح متاثر ہوئی یاد رہے کہ جون2007میں سمندری طوفان یمین کے بلوچستان کے ساحل سے ٹکرانے سے میرانی ڈیم میں بڑی مقدار میں پانی امڈ آیا تھا جس سے تین یونین کونسلوں کی آبادی بری طرح متاثر ہوئی تھی وزیراعلیٰ نے کہا کہ متاثرین کو تاحال کوئی باقاعدہ امداد فراہم نہیں کی گئی ہے اور وہ ایک لمبے عرصے سے مشکلات کا سامنا کررہے ہیں وزیراعلیٰ نے اس موقع پر ایف بی آر سے متعلق بعض امور پر بھی وفاقی وزیر سے بات چیت کی ۔ وزیرخزانہ نے سیکرٹری خزانہ کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کرتے ہوئے انہیں متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی کے معاملے کا جائزہ لینے اور اس حوالے سے فوری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے وزیراعلیٰ کو یقین دہانی کرائی کہ وہ اس حوالے سے رپورٹ آنے پر متاثرین کو معاوضہ کی ادائیگی کے مسئلہ کے حل اور یگر معاملات سے متعلق سیکرٹری خزانہ کو فوری ہدایات جاری کریں گے اس موقع پر سیکرٹری خزانہ ڈاکٹر وقار مسعود ایڈوائزر فنانس ڈویژن رانا اسد امین ، ایڈیشنل سیکرتری ٹو وزیرخزانہ طارق محمود پاشا۔ جوائنٹ سیکرٹری ٹو وزیرخزانہ اویس منظور سمرہ اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔