اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال نے واپڈا کو کچی کینال منصوبے کا 400 کلو میٹر کا طویل پہلا مرحلہ موجودہ سال جون کے آخر تک مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔وفاقی وزیر نے چیئرمین واپڈا اورنیسپاک کے اعلی حکام کیساتھ ملاقات کے دوران منصوبے کیلئے سات ارب روپے کے جلد اجراء کی بھی یقین دہانی کرئی۔ وفاقی وزیر نے واپڈا کو ہدایت کی کہ بلوچستان میں سیکیورٹی اقدامات پرعملدرآمد یقینی بنانے کیلئے قانون نافذ کرنیوالے اداروں اور صوبائی انتظامیہ کیساتھ رابطہ رکھاجائے ۔انہوں نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل سے بلوچستان میں ترقی وخوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔پنجاب میں تونسہ بیراج سے شروع ہوکربلوچستان میں ڈیرہ بگٹی تک کچی کینال منصوبے کی مجموعی لمبائی 500کلومیٹرہے۔منصوبے کے پہلے مرحلے کی تکمیل سے ایک لاکھ ایکڑسے زائد رقبے کو سیراب کیاجاسکے گا۔اس موقع پروفاقی وزیر نے چیئرمین واپڈا اور نیسپاک کے حکام کو ہدایت کی کہ منڈا ڈیم کے تکنیکی ڈیزائن کو جلد حتمی شکل دی جائیگی۔