|

وقتِ اشاعت :   May 1 – 2015

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ قومی سلامتی کے ادارے سیاست نہیں کررہے ہیں لہٰذا ان پر بلا جواز تنقید مجرموں کی پشت پناہی کے مترادف ہے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ کراچی کو منظم جرائم پیشہ افراد سے آزاد کرانے پر سکیورٹی اداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، سکیورٹی ادارے ملک کو امن کا گہوارہ بنانے کے لیے کوشاں ہیں جب کہ انہیں جمہوری قوتوں اور میڈیا کی حمایت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کے ادارے سیاست نہیں کررہے، سکیورٹی ادارے صرف مجرموں کو پکڑ رہے ہیں لہٰذا اداروں پر بلا جواز تنقید بھی مجرموں کی پشت پناہی کے مترادف ہے۔ پرویز رشید کا کہنا تھا کہ جرائم پیشہ گروہوں کا سیاسی تحفظ ان کی حمایت کے سوا کچھ نہیں ہے،گرفتار ملزمان کے مقدمات کا فیصلہ آزاد عدلیہ نے کرنا ہے جب کہ ملزمان کو بے گناہی ثابت کرنے کا بھی موقع ملے گا۔