|

وقتِ اشاعت :   May 8 – 2015

کراچی: وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان منفرد جغرافیائی محل و وقوع، طویل ساحلی پٹی اور قیمتی معدنی و دیگر وسائل کا حامل خطہ ہے جو سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع پیش کرتا ہے سرمایہ کار ان مواقعوں سے فائدہ اٹھانے کیلئے آگے آئیں سرمایہ کاری کیلئے بہترین اور پر تحفظ ماحول اور ہر قسم کی سہولیات ان کی منتظر ہیں یہ بات انہوں نے امریکی قونصل جنرل برائین ہیتھ Brian Heath سے ملاقات کے موقع پر کہی یہ ملاقات جمعہ کے روز یہاں ہوئی۔ وزیراعلیٰ نے امریکی قونصل جنرل کو صوبے کی ترقی سرمایہ کاری کے مواقعوں اور اس کے فروغ کیلئے حکومت کی پالیسی سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت صوبے کے معدنی، زرعی اور سمندری وسائل کو مصرف میں لانے ، انسانی وسائل کی ترقی اور صوبے کے نوجوانوں کی استعداد کار میں اضافے کیلئے نہ صرف پرعزم ہے بلکہ سرمایہ کاروں کو یہاں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے کی جانب راغب کرنے کیلئے بھرپور اقدامات بھی کررہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم نے بلوچستان کے قدرتی وسائل کو دنیا کے سامنے پیش کردیا ہے تاکہ سرمایہ کار اس جانب راغب ہوکر منفعت بخش سرمایہ کاری کرسکیں جس کا فائدہ ملک صوبے اور بالخصوص یہاں کے عوام کو روزگار کے مواقعوں کی صورت میں ملے۔ اور ان کے معیار زندگی بہتر ہوسکے۔ ہم سرمایہ کاروں کا یہاں کھلے دل سے خیر مقدم کرتے ہیں وزیراعلیٰ نے امن وامان کے حوالے سے انہیں بتایا کہ حکومتی اقدامات کے نتیجے میں صورتحال میں مجموعی طور پر نمایاں بہتری آئی ہے جسے مزید بہتر بنایا جارہا ہے اس حوالے سے سرمایہ کاروں کو اطمینان بخش اور پر تحفظ ماحول کی فراہمی حکومتی کی ذمہ داری ہے انہوں نے کہا کہ انسانی وسائل کی ترقی بھی ہماری ترجیحات کا حصہ ہے ہم اپنے نوجوانوں کو تربیت دے کر صوبے کے وسائل کی ترقی کے عمل میں شامل کرنا چاہتے ہیں تاکہ وہ نہ صرف صوبے اور ملک کی خدمت کرنے بلکہ بہتر اور باعزت روزگار حاصل کرکے اپنے خاندان کی کفالت کرنے کے قابل بھی ہوسکیں۔ امریکی قونصل جنرل نے بلوچستان کی ترقی اور یہاں سرمایہ کاری کے مواقعوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے تعلیم صحت اور انسانی وسائل کے شعبوں کی ترقی کے ساتھ ساتھ سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے صوبائی حکومت کی کوششوں کو سراہا اور صوبے میں بلدیاتی ا داروں کی بحالی کی تعریف کی ۔