اسلام آباد : وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقیات احسن اقبال نے کہا ہے کہ فاٹا میں ترقی کے عمل کو تیز کرنے کیلئے ایک ترقیاتی پیکج بنایا جارہا ہے‘ پاک چین اقتصادی راہداری سے سب سے زیاد فائدہ بلوچستان کو ہوگا۔ پیر کے روز پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف اس وقت فاٹا کیلئے ایک ترقیاتی پیکج بنا رہے ہیں۔ جس کا مقصد فاٹا میں ترقی کے عمل کو تیز کرنا ہے اور اس میں تعلیم ‘ صحت اور روز گار سب اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نے پاک چین اقتصادی راہداری کو سپورٹ کیا ہے اور اس منصوبے سے سب سے زیادہ فائدہ بلوچستان کو ہوگا۔ جہاں تجارت اور کاروبار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ پاک چین اقتصادی راہداری سے بلوچستان میں اکنامک زونز بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے آل پارٹیز کانفرنس میں تمام سیاسی جماعتوں کے پاک چین اقتصادی راہداری کے حوالے سے جو تحفظات تھے کو دور کیا۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کیلئے ہر سال الیکشن کا سال ہوتا ہے مگر حقیقت میں ایسا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان دنیا کو پاکستان کی طرف سے کیا پیغام دینا چاہتے ہیں کہ پاکستان میں سرمایہ کاری نہ کریں کیونکہ ملک میں الیکشن ہونے والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2013 ء میں پاک چین اقتصادی راہداری پر معاہدے ہوئے تھے اور اس کے بعد کام شروع ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ کہتے ہیں کہ پرانے روٹس پر معاہدہ ہوا ہے تو عوام کے سامنے پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ زمبابوے کی ٹیم پاکستان آرہی ہے یہ خوش آئند بات ہے اور اس سے ملک کی رونقیں بحال ہوں گی۔