حب: وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان کی اقتصادی ترقی صرف عام بلوچستانی کی زندگی کے معیار کو بہتر نہیں بنائے گی بلکہ اس سے ملک میں امن و خوشحالی کو بھی فروغ ملے گا، ہم ترقی اور خوشحالی کے ذریعے دیگر صوبوں کے برابر آنا چاہتے لہذا ملکی پالیسیوں میں بلوچستان کو بھی یکساں اہمیت ملنی چاہیے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں بائیکو آئل ریفائنری کے توسیعی منصوبے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کے مہمان خصوصی وزیر اعظم محمد نواز شریف تھے، وفاقی وزراء ، وزرائے مملکت کے علاوہ سینئر صوبائی وزیر نواب ثناء اللہ زہری ، رکن صوبائی اسمبلی پرنس احمد علی، سینیٹر ڈاکٹر اشوک کمار ،چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ اور پرنسپل سیکریٹری محمد نسیم لہڑی بھی تقریب میں موجود تھے۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر وزیر اعظم کے بلوچستان کے دوروں کو انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے یہ دورے بلوچستان سے ان کی محبت کا اظہار ہیں اور ان دوروں سے ہمیں تقویت اور قومی سطح پر اہمیت ملتی ہے، وزیر اعظم صوبے کی ترقی کے عمل میں ہماری راہنمائی کے ساتھ ساتھ ہمیں معاونت بھی فراہم کریں اور ہماری کارکردگی پر بھی نظر رکھیں تاکہ اس میں مزید بہتری آ سکے، انہوں نے کہا کہ وہ بلوچستان کی ترقی میں ذاتی دلچسپی لینے اور انتھک محنت کرنے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور انہیں یقین ہے کہ ترقیافتہ بلوچستان پاکستان کو مزید مستحکم کرے گا، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم صوبے میں امن و امان کی بہتری ، ترقیاتی عمل کو تیزی سے آگے بڑھانے ،صوبے کے وسائل کے بہتر ین مصرف اور سرمایہ کاری کے فروغ کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور کوششیں اور کاوشیں کر رہے ہیں تاہم انہیں باآوربنانے کے لیے وفاق اور نجی شعبہ کا تعاون اشد ضروری ہے، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت بلوچستان نجی شعبہ میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، ہم نے کاروبار دوست پالیسیاں نافذ کی ہیں تاکہ صوبہ میں نجی شعبہ ترقی کرے، وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ بلوچستان قدرتی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے اور مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری اور ترقی کے بے پناہ امکانات رکھتا ہے، ان وسائل کو بروئے کار لانے اور بلوچستان کے عوام کو حقیقی ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے میں نجی شعبہ اہم کردار ادا کر سکتا ہے، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ میں نجی شعبہ کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ بلوچستان میں اپنی سرگرمیوں کو وسعت دیں ہم ان کی ہر ممکن مدد کریں گے اور ان کے کاروبار کی ترقی کو یقینی بنائیں گے جو بالآخر ہمارے صوبے کی سماجی و اقتصادی ترقی پر منتنج ہوگی ہماری حکومت کی تمام کوششیں بلوچستان کے لوگوں کے لیے ہیں، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو بلوچستان میں بہترین کاروباری ماحول ، سہولیات اور تحفظ فراہم کیا جائے گا، اس حوالے سے انہیں کسی قسم کے خدشات نہیں ہونے چاہیں، انہوں نے ضلع لسبیلہ میں قائم صنعتوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہاں کے صنعت کاروں کو تحفظ کے حوالے سے کبھی کوئی شکایت نہیں ہوئی ہے، وزیر اعلیٰ نے کہاکہ بائیکو نے اپنی استعداد میں اضافہ کر کے ملک کی اہم خدمت کی ہے کیونکہ اس سرمایہ کاری سے پیٹرولیم کی مصنوعات کے لیے درآمدات پر انحصار کم کرنے ، نئی نسل کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور علاقے میں بنیادی ڈھانچہ کی صورتحال کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ وزیر اعلیٰ نے بائیکو حکام پر زور دیا کہ وہ مقامی ہنر مند اور غیر ہنر مند نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کو یقینی بنائیں اور ان کے استعداد کار میں اضافہ کے لیے انہیں تربیتی سہولیات بھی فراہم کریں جبکہ علاقے کے قرب و جوار میں واقع سکولوں اور تعلیمی اداروں میں بجلی، پانی و دیگر سہولیات کی فراہمی میں بھی اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ بائیکو کے ساتھ ساتھ صوبے کے مختلف علاقوں میں کام کرنے والی نجی شعبے کی کمپنیاں اپنے متعلقہ علاقے میں سماجی شعبہ کی ترقی پر بھی توجہ دیں جس سے مقامی آبادیوں کے اعتماد میں اضافہ ہوگا، وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر بائیکو کمپنی کی ترقی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے یقین ظاہر کیا کہ یہ ادارہ ملک کی مجموعی ترقی و خوشحالی میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔