|

وقتِ اشاعت :   June 16 – 2015

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ ہم کھیلوں اور ادبی و ثقافتی سرگرمیوں کے ذریعے بلوچستان کے بہتر تاثر کو ابھار رہے ہیں جب کہ امن وامان کی بہتری اور ترقیاتی عمل کو تیزی سے آگے بڑھانے کیلئے بھی موثر اقدامات جاری ہیں سول اورعسکری اداروں کے درمیان موجود مثالی تعلقات کے ذریعے امن وامان کی صورتحال میں نمایاں بہتری رونما ہورہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے 28ویں آل پاکستان بولان اوپن گالف ٹورنامنٹ کی تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ ، قائمقام سپیکر بلوچستان اسمبلی میر عبدالقدوس بزنجو، صوبائی وزراء و اراکین صوبائی اسمبلی، گیریژن جنرل آفیسرزاور سول اور فوجی حکام کے علاوہ لوگوں کی بڑی تعداد نے اس تقریب میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کھیل ، ثقافت اور دیگر تعمیری سرگرمیوں کے ذریعے ہم نہ صرف اپنی نوجوان نسل کی صلاحیتوں کو اجاگر کرسکتے ہیں بلکہ صوبے کے امیج کو بھی بہتر بناسکتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومتی اقدامات کی بدولت امن وامان کی صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہیں اکا دکا ناخوشگوار واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں تاہم مجموعی طور پر صورتحال اطمینان بخش ہے انہوں نے ٹورنامنٹ میں شرکت کیلئے ملک کے دیگر شہروں سے آنے والے کھلاڑیوں پر زور دیا کہ وہ صوبے سے باہر کے لوگوں کو یہ پیغام ضرور دیں کہ بلوچستان میں امن وامان اور ترقیاتی حوالے سے مثبت پیشرفت ہوئی ہے وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں میں صلاحیتوں کی کمی نہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ ان کی ان صلاحیتوں کو کھیل کود اور تعمیری سرگرمیوں میں استعمال کیا جائے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ماضی میں بلوچستان فٹبال کے حوالے سے قومی اور بین الاقوامی سطح پر شہرت رکھتا تھا اور ہمارے کھلاڑیوں نے اس کھیل میں نام پیدا کیاانہوں نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ گالف کے کھیل کو بھی کوئٹہ سے باہر لے جاکر صوبے کے دیگر شہروں تک متعارف کروایا جائے تاکہ ہمارے اندرون صوبہ کے نوجوان بھی اس میں حصہ لے سکیں انہوں نے کہا کہ ماضی میں صوبے میں کرکٹ کے کھیل کو زیادہ توجہ نہیں دی جاتی تھی لیکن اب صوبے کے کونے کونے میں کرکٹ بڑے شوق سے کھیلی جاتی ہے انہوں نے کہا کہ ہم کھیلوں کے ذریعے امن کے پیغام کو ہر جگہ پہنچا سکتے ہیں ۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کوئٹہ گالف کلب کیلئے 20لاکھ روپے کی گرانٹ دینے کا اعلان کیا۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ بلوچستان اور قائمقام سپیکر بلوچستان اسمبلی نے ٹورنامنٹ میں پوزیشن حاصل کرنے والے کھلاڑیوں جبکہ بیگم کمانڈر سدرن کمانڈ نے خواتین اور کم عمر کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ ٹورنامنٹ میں بیسٹ سینئر پروفیشنل کا پہلا انعام پنجاب گالف ایسوسی ایشن کے امداد حسین، دوسرا انعام پنجاب گالف ایسوسی ایشن کے افتخار احمد اور تیسرا انعام محمد اقبال پنجاب گالف ایسوسی ایشن نے حاصل کیا۔ جبکہ بیسٹ پروفیشنل میں پہلی پوزیشن فیڈرل گالف ایسوسی ایشن کے محمد طارق، دوسری پوزیشن محمد منیر اور تیسری پوزیشن محمد شبیر نے حاصل کی ، بیسٹ امیچور کیٹگری میں اسلام آباد گالف کلب کے غضنفر محمود نے پہلی پوزیشن حاصل کی ، جنرل آفیسرز کیٹگری میں پہلی پوزیشن میجر جنرل اظہر نوید حیات، دوسری پوزیشن میجر جنرل آفتاب احمد جبکہ تیسری پوزیشن میجر جنرل چنگیز دل خان نے حاصل کی ۔