|

وقتِ اشاعت :   August 15 – 2015

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردی کا مقابلہ کثیر الجہتی حکمت عملی سے کیا ہے، بلوچستان کی ترقی سے ملک کی ترقی وابستہ ہے، پاک چائنااقتصادی راہداری سے پاکستان سمیت پورے خطے میں مثبت معاشی تبدیلی آئے گی۔ بلوچستان کے ساحل اور وسائل کے مالک صوبے کے عوام ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم آزادی کے موقع پر بلوچستان اسمبلی کے سبزہ زار پر منعقدہ پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، تقریب میں قائمقام اسپیکر بلوچستان اسمبلی میرعبدالقد وس بزنجو، صوبائی وزراء، اراکین صوبائی اسمبلی، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ، چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ، اعلیٰ سول و عسکری حکام، قبائلی عمائدین، علماء کرام سمیت مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد بھی شریک تھی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ جشن آزادی کی تقریبات صوبے میں ایک ہفتے سے جوش و خروش سے جاری ہیں، انہوں نے کہا کہ آؤ آج کے دن یہ عہد کریں کہ بلوچستان کو جہالت ، پسماندگی اورکرپشن کی لعنت سے چھٹکارا دلائیں گے، انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے ملک کی تمام سیاسی جماعتوں اور عسکری قیادت سے مشاورت کے بعد مفاہمتی اور پر امن بلوچستان پالیسی سے متعلق جو ذمہ داریاں صوبائی حکومت کو سونپی ہیں مخلوط صوبائی حکومت اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے پوری کریگی، بلوچستان میں بہت خون بہہ چکا اب اس سلسلے کو ختم ہونا چاہے، مفاہمتی پالیسی سے صوبے میں امن آئے گا، انہوں نے کہا کہ 18ویں ترمیم صوبوں کا دیرینہ مطالبہ تھا صوبائی خود مختاری کا حصول طویل اور مسلسل جدوجہد کا نتیجہ ہے، صوبائی حکومت 18ویں ترمیم کے ذریعے حاصل ہونے والے اختیارات کو عوام کی بہتری اور فلاح و بہبود کے لیے استعمال کرے گی، صوبائی حکومت اختیارات کو یونین کونسل کی سطح تک منتقل کرنے میں سنجیدہ ہے تاکہ عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر ہی حل کئے جا سکیں، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ملک کو حقیقی وفاقی اور جمہوری ریاست بنانا ہوگا جس کا محور عوام ہو ں اور یہاں عوام خوشحال اور پرامن زندگی گزاریں، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت کسی بھی صورت ریکوڈک اور سیندک کے منصوبوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، وزیر اعلیٰ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہم بلوچستان کے تمام وسائل عوام کی ترقی، خوشحالی اور بہبود پر خرچ کریں گے اور عوام کے سامنے کوئی داغ ندامت نہیں چھوڑیں گے، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ ملک کو فلاحی اور ترقی یافتہ ریاست بنانے کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے حاضرین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آؤ ملکر جمہوری، وفاقی اور پر امن و خوشحال پاکستان کے لیے جدوجہد کریں، اس موقع پر مختلف اسکولوں کے طلباء و طالبات نے مختلف ملی نغمے پیش کئے اور حاضرین سے خوب داد وصول کی، وزیر اعلیٰ نے ملی نغمے پیش کرنے والے طلباء و طالبات کے لیے 5لاکھ روپے انعام کا بھی اعلان کیا، قبل ازیں وزیر اعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے بلوچستان اسمبلی کے سبزہ زار پر پرچم کشائی کی۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ صوبے اور ملک کو درپیش مسائل کی وجہ جہالت ہے مسائل کے حل کے لئے تعلیم کو فروغ دینا ہو گا۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو زیارت ریزڈنسی میں پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔انہوں نے کہا کہ اگر زیارت سمیت صوبے بھر میں تعلیم کو فروغ دیا جائے تو صوبہ ترقی کر سکتا ہے اگرصوبائی حکومت او ر زیارت کے عمائدین ملک کر کام کریں تو زیارت میں دنیا بھر سے سیاح آئیں گے وزیر اعلیٰ نے ستمبر کے پہلے ہفتے میں جشن زیارت فیسٹول بنانے کا اعلان کیا فیسٹول کا مقصد زیارت میں سیاحت کو فروغ دینا ہے انہوں نے کہاکہ حکومت انتظامیہ اور آئی جی ایف سی کے درمیان مشاورت جاری ہے اور جلد ہی تاریخ کا اعلان کردیاجائے گا۔ ا س موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کوریج کرنے پر میڈیا کا شکریہ اداکیا اور ساتھ جشن آزادی کی تقریبات کو کم کوریج دینے پر گلہ بھی کیا ،تقریب میں اعلیٰ حکام صوبائی وزراء صوبائی سیکرٹریز منتخب نمائندے اور قبائلی عمائدین نے شرکت کی۔