|

وقتِ اشاعت :   August 28 – 2015

سیالکوٹ: بھارت کی جانب سے ورکنگ باؤنڈری پر سیز فائر کی خلاف ورزیاں مسلسل جاری ہیں اور آج بھی بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری سے 6 شہری شہید جب کہ 46 زخمی ہو گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت کی فوج نے سیالکوٹ میں ورکنگ باؤنڈری پر چاروا، سجیت گڑھ، ہڑپال اور باجرہ گڑھی سیکٹرز میں بلا اشتعال فائرنگ کی اور مارٹر گولے فائر کئے جس سے 6 شہری شہید جب کہ 46 زخمی ہو گئے۔ بھارتی گولہ باری سے درجنوں مکانات کو بھی نقصان پہنچا جب کہ متعدد مویشی بھی ہلاک ہو گئے۔ دوسری جانب پنجاب رینجرز کی جانب سے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا گیا۔ بھارتی جارحیت کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں کو سی ایم ایچ راولپنڈی منتقل کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز سے ہی بھارتی افواج کی جانب سے ورکنگ باؤنڈری اور لائن آف کنٹرول پر سیز فائر معاہدوں کی خلاف ورزی کا سلسلہ جاری ہے اور رواں ماہ کے آغاز سے اب تک 12 شہری شہید جب کہ درجنوں زخمی اور متعدد مکانات تباہ ہو چکے ہیں۔ پاکستان کی جانب سے بھارتی جارحیت کے خلاف اقوام متحدہ میں بھی درخواست جمع کرا دی گئی ہے۔