اسلام آباد: قوم ںے یوم دفاع پاکستان کی 50 سالہ تقریبات کا اس عزم کی تجدید کے ساتھ آغاز کیا کہ ملک کی سلامتی کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے گا ۔
6 ستمبر کی صبح وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 توپوں جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21 ، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔
1965ءکی جنگ کے شہداءکو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے پوری قوم صبح 9 بجکر 29 منٹ سے 9 بجکر 30 منٹ تک ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔
ملک بھر میں سائرن بجائے گئے، جس پر تمام ٹرینیں اور سڑکوں پر ٹریفک رک گیا، اس کے بعد 9:30 سے 9:32 تک تمام ریڈیو اور ٹی وی چینلز پر قومی ترانہ نشر کیا گیا۔
صدر مملکت ممنون حسین نے یوم دفاع کی گولڈن جوبلی پر اپنے پیغام میں کہا ’ پاکستان فو ج نے کامیاب ضرب عضب آپریشن کے ذریعے ثابت کر دیا کہ ملک کی سیکیورٹی اور بقا کو لاحق خطرات ناکام بنا دیے جائیں گے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم اور مسلح افواج سرحدوں کی سلامتی اور خود مختاری کے تحفظ کیلئے کسی بھی حد تک جا سکتی ہیں۔
وزیر اعظمنواز شریف نے اس موقع پر کہا ’ دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے سیاسی اور عسکری قیادت نے جس مثالی اتحاد کا مظاہرہ کیا وہ ہماری قومی تاریخ کا ایک اور شاندار باب ہے‘۔
انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانیں نچھاور کرنے اور اپنے عزیز و اقارب گنوانے والوں کے حوصلے اور جوش کو سلام بھی پیش کیا۔ ’ہم اپنے تمام پڑوسیوں کے ساتھ خود مختاری میں برابری کی بنیاد پر اچھے اور پر امن تعلقات کے خواہاں ہیں‘۔
آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے یوم دفاع پر پیغام میں کہا کہ وطن کے دفاع کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، 13سال سے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آپریشن ضرب عضب نے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے، آپریشن ضرب عضب جلد اہداف حاصل کرے گا۔
وزیر اعظم نوازشریف نے لاہور میں بیدیاں کے قریب میجر عزیز بھٹی شہید کی جائے شہادت پر حاضری دی۔
نواز شریف نے میجر عزیز بھٹی شہید کی یادگار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔
یوم دفاع کی صبح اسلام آباد میں پاک فضائیہ نے فلائی پاسٹ کا شاندار مظاہرہ کیا۔
کراچی میں قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار اور لاہور قومی شاعر علامہ محمد اقبال کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب منقعد ہوئی۔
مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، پاکستان ایئر فورس کے کیڈٹس نے مزار قائد پر گارڈز کے فرائض سنبھالے۔
پاکستان ایئرفورس اکیڈمی رسالپور کے کیڈٹس نے مزار قائد پر گارڈز کے فرائض سنبھالے۔
گارڈز کی تبدیلی کی تقریب کے مہمان خصوصی ایئروائس مارشل عاصم ظہیر تھے۔
ایئروائس مارشل عاصم ظہیر نے مزار قائد پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی
تقریب میں عسکری اور سیاسی حلقوں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔
لاہورمیں پاکستان رینجرز پنجاب کے چاق وچوبند دستے نے سلامی پیش کی۔
مزار اقبال پر بریگیڈیئر بلال جاوید نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف کی جانب سے پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔
نیول ہیڈ کوارٹر اسلام آباد میں بھی یوم دفاع کے موقع پر پریڈ کا اہتمام کیا گیا۔
پاک بحریہ کے چاق چوبند دستے نے پریڈ میں حصہ لیا، جبکہ تقریب کے مہمان خصوصی کموڈور خالد پرویز تھے۔
ملک کے دیگر شہروں کی طرح پشاور میں بھی یوم دفاع قومی جوش و جذبے سے منانے کا اہتمام کیا گیا۔
اس حوالے سے شہر بھر میں مختلف تقریبات منعقد کی گئیں۔
پاک فوج کے زیر اہتمام کرنل شیر خان اسٹیڈیم میں خصوصی نمائش کا انعقاد کیا گیا، جس میں آرمی کی مختلف یونٹس کی جانب سے اسٹالز لگائے گئے، جن میں عسکری ہتھیار،آلات اوردیگر سامان حرب نمائش کے لیے رکھا گیا، نمائش میں دشمن سے قبضے میں لی گئی اشیاء بھی رکھی گئیں۔
مرکزی تقریب راولپنڈی میں جنرل ہیڈ کواٹرز میں منعقد کی جائے گی اور اس مقصد کیلئے جی ایچ کیو اور سی ایم ایچ ہسپتال کے اطراف سڑکیں ٹریفک کیلئے بند رہیں گی۔
تقریب میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے علاوہ دوسرے سروسز چیف، سینئر سرکاری عہدے دار اور معززین شامل ہوں گے۔
آج ملک بھر کی مساجد میں ملک کی خوشحالی، یکجہتی اورسالمیت کیلئے دعاؤں کا بھی اہتمام ہو گا۔