|

وقتِ اشاعت :   September 23 – 2015

مکہ المکرمہ: مفتی اعظم سعودی عرب شیخ عبدالعزیز الشیخ نے خطبہ حج میں کہا ہے کہ دشمن اسلام کا لبادہ اوڑھ کراسلام کی جڑ کو کمزور کررہے ہیں اور داعش اسلام کے نام پر مسلم امہ کو تباہ کرنے میں مصروف ہے۔ مسجد نمرہ میں خطبہ حج کے دوران مفتی اعظم شیخ عبدالعزیزآل شیخ نے فرمایا کہ اللہ سے ڈرنا عظیم بات ہے، اسلام کو تمام مذاہب پر فضیلت حاصل ہے، اسلام کا بنیادی فلسفہ امن اور صرف امن ہے، اسلام کے علاوہ کوئی دین ، دین حق نہیں، دین اسلام نے انسانوں کے لئے بہترین ضابطہ حیات پیش کیا اور انسانوں کو یکجا اورمتحد کیا۔ اسلام کی ہدایات ہی ہمیں سیدھے راستے پر گامزن کرتی ہیں، شکر ہے اس پروردگار کا جس نے مسلمانوں کو بے شمار نعمتوں سے نوازا۔ مفتی اعظم کا کہنا تھا کہ جینا مرنا اور مال و دولت اللہ کی امانت ہے، مال اورجوانی اللہ تعالیٰ کی نعمت ہے، اللہ کی رحمت نہ ہوتی تو ہماری حالت کسی قابل نہ ہوتی۔ ہمیں اسلام کی تعلیمات پرعمل پیرا ہونا چاہیے، تقویٰ اور اللہ کی اطاعت اختیار کریں، بے شک تقویٰ والے ہی اللہ کے نزدیک ہیں، شرک عظیم ترین گناہ ہے، جس نے اللہ کے ساتھ شرک کیا،اس کا ٹھکانہ جہنم ہے۔ شیخ عبد العزیز آل شیخ نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ نے مکہ مکرمہ کو بے شمار خصوصیات سے نوازا ہے، مکہ مکرمہ مسلم امہ کے لیے اتحاد کی علامت ہے،اللہ کا کرم اور رحمت ہے کہ ہم آج یہاں موجود ہیں۔ اللہ تعالیٰ ہمیں عدل و احسان کا حکم دیتا ہے،آج امت مسلمہ میں فساد پھیلا ہے اور اخلاص ختم ہوچکا ہے، ہم اخلاق و اخلاص کو اختیار کریں کیونکہ یہی اللہ کا حکم ہے، نبی کریمﷺ کے بتائے راستے پر چلیں تو کوئی ہمیں نقصان نہیں پہنچاسکتا۔ دور حاضر میں عالم اسلام کو درپیش چیلنجز کے حوالے سے مفتی اعظم نے فرمایا کہ کچھ لوگ امت کی وحدت کو پارہ پارہ کرنا چاہتےہیں، اسلام پر چاروں طرف سے حملے ہو رہے ہیں، اسلام کے دشمن پوری دنیا میں موجود ہیں جو مختلف اندازمیں سازشوں میں مصروف ہیں، دشمن اسلام کا لبادہ اوڑھ کراسلام کی جڑ کو کمزور کرنے میں مصروف ہیں۔ نبی کریم ﷺنے کسی کی جان لینے اور فتنہ پھیلانے سےمنع فرمایا ہے، ایک مسلمان کبھی دوسرے مسلمان پر لعنت بھی نہیں بھیجتا، اسلام کسی بے گناہ کو قتل کرنے کی بھی اجازت نہیں دیتا، داعش اسلام کے نام پر مسلم امہ کو تباہ کرنے میں مصروف ہے، گمراہ جماعتوں کا مقصد اسلام کو نقصان پہنچانا ہے، انتہاپسندی کا پرچار کرنے والے گروہ عالم اسلام کو دور جاہلیت میں دھکیلنا چاہتے ہیں، اللہ ظلم کرنے والوں کو جلد صفحہ ہستی سے مٹادیتا ہے، مسلمان صبرکو اختیارکریں اوردین پرعمل درآمد کریں۔ مسلمان مخالف اپنےعزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوسکتے، اللہ تعالیٰ مسلمانوں کی مدد کرے گا۔ مفتی اعظم نے اپنے خطبے میں نوجوانوں کو مخاطب کرکے فرمایا کہ امت کےنوجوانوں کو گمراہ کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں، علم حاصل کرنا ہر مسلمان پر لازم ہے، ہر مسلمان نظام تعلیم بہتر کرنے کی کوشش کرے، جدید علوم سے بہرہ ور ہوکر ہی اسلام دشمنوں کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے، اللہ سےڈرناہی بھلائی کاراستہ ہے،اصل زندگی آخرت کی ہی ہے، یہ حیات عارضی ہے، غیر مسلموں کوبھی قتل کرنے کی کوشش نہ کریں۔ اے مسلمانوں! مسجد اقصیٰ آج آپ کوپکاررہی ہے، مسلمان ظلم اور نا انصافی کے خلاف جہاد کریں۔