|

وقتِ اشاعت :   October 6 – 2015

لورالائی: جمعیت علماء اسلام کے سابق صوبائی امیراوراسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین مولانامحمدخان شیرانی نے کہاہے کہ کولیشن سپورٹ فنڈز صرف اورصرف سیاسی ہے مذہبی اورلسانی جماعتوں کاآپس میں لڑانے کاایجنڈابھی اس میں شامل ہے ان خیالات کااظہارانہوں نے سابق صوبائی وزیر مولانا فیض اللہ کی رہائش گاہ پر لورالائی پریس کلب کے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرجمعیت علماء اسلام کے ایم این اے مولانا آغا محمد ،سردار نقیب اللہ زخپیل، قاری ممتاز ، حاجی طاہر اوتمانخیل اور دیگر علماء کرام اور قبائلی رہنماء بھی موجو د تھے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اسلام اور مسلمانوں کانمبر ایک دشمن ہے۔ اس فنڈ کا مقصد صرف اور صرف سیاسی ہے۔ مذہبی اور لسانی پارٹیوں کو آپس میں لڑانے کا ایجنڈا اس میں شامل ہے۔ ایران اور امریکہ کا مقصد مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کو سعودی عرب سے علیحدہ کر کے ویٹی کن سٹی کی طرح اسٹیٹ کا قیام عمل میں لانا ہے اور سعودی عرب کے ٹکڑے کر کے تیل کی دولت پر قبضہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں حالات خراب کرانے والے خود ہی حالات خراب کرتے ہیں اور خود ہی حالات کو ٹھیک کرنے دعویٰ بھی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ اور خلیجی ممالک میں امریکہ خود ہی فسادات کو ہوا دے رہی ہے اور پھر خود ہی ان فسادات خو ختم کرنے کے لیے اتحادیوں کے ساتھ فوجی کاروائی کر تی ہے تاکہ ان ممالک کے وسائل پر قابض ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور ان کے اتحادی کسی بھی منظم ملک پر حملہ نہیں کرتے جیسا کہ ویت نام کا ملک امریکہ کے لیے شکست فاش کا سبب بن گیا۔ امریکہ بین الاقوامی دہشت گرد ہے اور اپنے مفادات کے حصول کے لیے دہشت گرد تنظیموں کی مدد کرتی ہے جیسا کہ داعش جیسی دہشت گرد تنظیم جس نے عرب ممالک میں خوف کی فضاء پیدا کی ہے اور اب اسے ایک منظم سازش کے تحت مسلمانوں کو تقسیم کرنے کے لیے خطے کے دیگر ممالک میں بھی بھیجے جا رہے ہیں۔ پاکستان کی سیاسی اور مذہبی پارٹیا ں ملک کے وسیع تر مفاد میں ایک ضابطہ اخلاق مرتب کر لیں تاکہ چیلنجز کا مقابلہ مل جل کر لڑا جا سکے۔ دہشت گردی میں ہر جگہ وردی ملوث ہے۔