|

وقتِ اشاعت :   October 10 – 2015

لاہور: وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ حکومت تعلیم اور صحت کے ساتھ ذرائع آمد و رفت پر بھی خصوصی توجہ دے رہی ہے اس لئے تنقید کرنے والوں کوکہنا چاہتا ہوں کہ سوچ سمجھ کر بات کیا کریں۔ لاہور میں اورنج لائن منصوبے پر بریفنگ کے دوران وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ علی ٹاؤن سے لے کر ڈیرہ گجرہ تک 27.5 کلو میٹر اورنج لائن منصوبہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ آرہا ہے، بعض لوگ کہتے ہیں ٹرانسپورٹ نہیں تعلیم چاہیے، تعلیم کی اپنی اہمیت ہے اورٹرانسپورٹ کی اپنی اہمیت ہے، کیا لوگوں کو باعزت سواری نہیں دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے تعلیم پربہت توجہ دی ہے اور صوبے بھر میں بچوں کے لیے اربوں روپے کے وظائف دیے گئے ہیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آج ہرشعبے میں ترقی ہورہی ہے اور موجودہ حکومت تعلیم، صحت اور ٹرانسپورٹ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے جب کہ ہر شعبے میں برابر کی ترقی ہورہی ہے، کسانوں پر بھی خصوصی توجہ ہے جن کے لئے حال ہی میں بڑے پیکج کا اعلان کیا ہے۔