|

وقتِ اشاعت :   October 14 – 2015

کوئٹہ: مسلم لیگ (ن)بلوچستان کے صدر چیف آف جھالاوان سینئر صوبائی وزیر نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہاہے کہ کارکن پارٹی کے لئے اثاثہ ہیں بلوچستان میں پارٹی کارکن ڈسٹرکٹ وتحصیلوں کی سطح پر پارٹی کو مذید فعال اور مضبوط بنانے کے لئے مذید موثر انداز میں اپنی صلاحیتیں بروئے کار لائیں ۔ منتخب بلدیاتی نمائندے عوام کی رہنمائی کرتے ہوئے عوام کے مسائل ومشکلات کی نشاندہی کرکے انہیں حل کرنے میں مدد دیں ۔لوکل باڈیز کے ذریعے عوام کے مسائل ان کے دہلیز پر بہتر انداز میں حل ہوسکتے ہیں ۔بلدیاتی نمائندوں کو مکمل اختیارات کی فراہمی اور تحصیل و یونین کونسل کی سطح عوام کے بنیادی مسائل کے حل کے لئے انہیں فنڈنگ کرنا ناگزیر بن چکاہے۔بلدیاتی اداروں کو ان کی حیثیت کے مطابق فعال بنانا میری ترجیحات میں شامل ہیں ۔ یہ بات انہوں نے مسلم لیگ (ن)خضدار کے جنرل سیکریٹری و میونسپل کارپوریشن کے ممبر سردار عزیزمحمد عمرانی کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔وفدمیں چیف انجینئر خدائے رحیم قاسم شاہ عبدالوہاب عمرانی نورمحمد زہری عبیداللہ قمبرانی وڈیرمحمد صالح جاموٹ میر اورنگزیب زہری عبدالمجید زہری و دیگرارکان بھی شامل تھے۔ سینئر صوبائی وزیر نواب ثناء اللہ خان زہری نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ عوام کے مسائل و مشکلات کا حل ان کے گھر کے دہلیز پر حل کرنا ہماری جماعت کا مشن ہے ۔اور یہ مسائل مقامی نمائندوں کے ذریعے بہترانداز میں حل ہوسکتے ہیں۔ہماری کوشش ہے کہ عوام کی احساس محرومی کا خاتمہ ہواور ان کے دیرینہ مسائل کا حل حقیقی معنوں میں ممکن ہوسکے۔ چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہاکہ عوام نے ہمیں بلوچستان میں جو مینڈٹ دیا ہے اس کی لاج رکھتے ہوئے صوبے میں عوام کی قیادت کا فریضہ احسن انداز میں نبھائیں گے اور لوگوں کی بدحالی غربت احساس محرومی کا خاتمہ کرکے ہی چین و سکون محسوس کریں گے ۔ بے روزگاری وناانصافیوں کا خاتمہ میرٹ و معیارکو ہر صورت میں لاگو کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے جنہیں پورا کرکے ہی ہم عوام کے سامنے سرخ رو ہونگے ۔انہوں نے کہاکہ بلوچستا ن کے عوام حوصلہ رکھیں ان کی توقعات پر اتر کر ان کے مسائل موثر انداز میں حل کئے جائیں گے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ خضدار کے چیئرمین آغا شکیل احمد درانی بھی موجود تھے ۔آغا شکیل احمد درانی کو حج کی سعادت حاصل کرنے پر چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ خان زہری نے مبارک باد دی۔ اور مسلم لیگ (ن)خضدار کے جنرل سیکریٹری سردار عزیز محمد عمرانی ۔ محمد صالح جاموٹ ۔ نورمحمد زہری ۔ میر اورنگزیب زہری و دیگر نے بھی آغا شکیل احمد درانی سے ملاقات کرکے انہیں حج کی سعادت حاصل کرنے پر مبارک باد دی۔