کوئٹہ : سینٹ کے ڈپٹی چیئرمین و جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت دونوں ایٹمی طاقت ہیں اگرخدانخواستہ دونوں ممالک میں جنگ ہوئی تو بڑے پیمانے پر تباہی ہوگی حکومت کی جانب سے قومی ایکشن پلان کا غلط استعمال کیا گیا ہے اب بھی موقع ہے کہ اس پر صحیح طریقے سے عملدرآمد کیا جائے وزیراعظم نواز شریف اس سے پہلے بھی امریکہ گئے تھے اب بھی گئے ہیں امید ہے کہ مقبوضہ کشمیر سمیت پاکستان کے جن حصوں میں انڈیا مداخلت کررہا ہے اسکوامریکہ کے سامنے اجاگر کریں گے ۔یہ بات انہوں نے جمعرات کی رات جمعیت علماء اسلام کے رہنما نصیب اللہ خلجی کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔انہوں نے کہا کہ اس مقدس مہینے میں بھاگ میں جو خود کش حملہ ہوا ہے جس میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہوئی ہیں اس واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ صوبے میں امن و امان برقر ار رکھے اور اب بھی محرم الحرام کے چند دن باقی ہیں تمام مساجد اور امام بارگاہوں کی سیکورٹی کو سخت کیاجائے جس ملک میں امن و امان خراب ہو وہ ترقی نہیں کرسکتا یہ ضروری ہے کہ پہلے امن و امان کو ہرحالت میں برقرار رکھا جائے ۔انہوں نے کہا کہ میں حکومت سے مطالبہ کرتا ہوں کہ اس واقعہ میں جو لوگ بھی ملوث ہیں انکے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ وزیراعظم میاں نواز شریف اس وقت امریکہ کے دورے پر ہیں انکو چاہئے کہ وہ انڈیا جو اسوقت پاکستان کے مختلف علاقوں میں مداخلت اوردہشتگردی کررہا ہے اس مسئلے کو امریکہ کے سامنے اٹھائیں تاکہ بھارت ایسی حرکتوں سے باز آجائے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ تین جنگیں ہوچکی ہیں پاکستان اور بھارت ایٹمی قوت ہیں اگرخدانخواستہ دونوں میں جنگ ہوئی تو دونوں طرف سے بہت نقصان ہوگا مودی حکومت مسلمانوں کے خلاف جو کچھ کررہی ہے وہ قابل مذمت ہے خاص طور پر ا ب اس نے اقلیتوں کے خلاف بھی انتقامی کارروائیاں شروع کردی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ قومی ایکشن پلان دراصل حکومت نے جس مقصد کیلئے بنایا تھا اس پر صحیح طریقے سے عملدرآمد نہیں کیا گیا اور یہ پلان اب بدنیتی پرمبنی ہوگیا ہے اوراسکا رخ مدارس کی طرف ہوگیا ہے اب بھی وقت ہے کہ نیشنل ایکشن پلان پر صحیح طریقے سے عملدرآمد کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ صوبوں کو اختیارات مل گئے ہیں اب اس پرعملدرآمد ہونا چاہئے انہوں نے کہا کہ جس ملک میں دہشت گردی ہوگی وہاں پر کسی کو تحفظ نہیں ہوگا جس سے ملک کی حالت صحیح نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بھاگ میں جو آج واقعہ ہوا ہے قابل مذمت ہے اسکی ذمہ دار حکومت بلوچستان ہے۔اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان کے مشیرزکواۃ و اوقاف محمد خان لہڑی اور سابق گورنر بلوچستان سید فضل آغا ،جمعیت علماء اسلام کے سالارحافظ ابراہیم ،ناصر مسیح ،حشمت لہڑی اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔