دین اسلام کی سربلندی اور حق کے لئے میدان کربلا میں ڈٹ جانے والے نواسہ رسول ﷺ حضرت امام احسینؓ اور ان کی آل کی بے مثال قربانیوں کی یاد میں یوم عاشور کے موقع پر ملک بھر میں ماتمی جلوس نکالے جا رہے ہیں۔
ملک بھر میں 10 ویں محرم الحرام کی مناسبت سے ماتمی جلوس نکالے جا رہے ہیں اور اس موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ بڑے شہروں میں موبائل فون سروس بند جب کہ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد ہے۔ حساس اضلاع میں جلوسوں کی نگرانی کے لئے سی سی ٹی وی کیمرے اور ہیلی کاپٹرز کی مدد بھی لی جا رہی ہے۔
کراچی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا جو اپنے مقررہ راستوں سے گزر کر مغرب کے وقت امام بارگاہ حسینیہ ایرانیہ کھارادر پر پہنچ کر اختتام پزیر ہوگا۔ 6 ہزار سے زائد پولیس اہلکاروں کو جلوس کے روٹس پر تعینات کیا گیا ہے جب کہ 7 ہزار رینجرز اہلکار بھی تعینات کئے گئے ہیں۔ جلوس کے راستوں کی سی سی ٹی وی کیمروں سے نگرانی کی جا رہی ہے جب کہ بلند عمارتوں پر شارپ شوٹرز بھی تعینات ہیں۔
لاہور میں 10 ویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس رات دیر گئے نثار ہویلی سے نکلا جو مرکزی راستوں پر رواں دواں ہے، جلوس کے شرکاء نے رات 4 بجے شیعہ محلہ کی شیعہ مسجد میں آذان علی اکبر دی اور پھر رنجیر زنی کی گئی۔ جلوس مغرب کے وقت کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پزیر ہوگا۔ لاہور میں جلوس میں شریک ہونے والے افراد کی سیکیورٹی کے لئے 4 درجہ حصار قائم کیا گیا ہے جس کے بعد عقیدت مندوں کو جلوس میں شرکت کی اجازت ملتی ہے۔ لاہور شہر میں مجموعی طور پر 15 ہزار سیکیورٹی اہلکار جب کہ صرف جلوس کی حفاظت کے لئے 10 ہزار اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔ شہر میں جلوس کی نگرانی کے لئے 263 سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں جب کہ 5 ہیلی کاپٹر بھی جلوس کی نگرانی کے لئے حساس اضلاع میں ہوائی نگرانی کرتے رہیں گے۔
فیصل آباد میں مرکزی جلوس امام بارگاہ دھوبی گھاٹ سے نکلے گا اور پھر مقامی راستوں سے ہوتا ہوا چوک گھنٹہ گھر پہنچے گا جہاں سے واپس ہوتا ہوا مغرب کے وقت امام بارگاہ دھوبی گھاٹ پر پہنچ کر اختتام پزیر ہو گا۔ جلوس کے راستوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں اور ان کا مرکزی کنٹرول روم ایس ایس پی آفس میں قائم کیا گیا ہے۔ فیصل آباد میں بھی جلوس کی سیکیورٹی کے لئے 4 درجہ حفاظتی حصار قائم کیا گیا ہے۔ فیصل آباد میں یوم عاشور کے موقع پر 173 جلوس نکالے جا رہے ہیں جس میں سے 17 کو اے کیٹیگری کا نام دیا گیا ہے۔
کوئٹہ میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس علمدار روڈ سے برآمد ہوا جب کہ ایبٹ آباد میں مرکزی جلوس امام بارگاہ ٹینچی سے برآمد ہوا۔ پشاور میں بھی 12 ماتمی جلوس نکالے جا رہے ہیں اور اس موقع پر غیر متعلقہ افراد کو شہر میں داخلہ ممنوع ہے۔
اس کے علاوہ راولپنڈی، اسلام آباد، ملتان، فیصل آباد، گجرانوالہ، حیدرآباد، سکھر، میرپور خاص، کوہاٹ، بنوں، ڈی آئی خان، گلگت، استور اور مانسہرہ سمیت دیگر شہروں میں بھی ماتمی جلوس نکالے جا رہے ہیں۔
ملک بھر میں یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے
وقتِ اشاعت : October 24 – 2015