|

وقتِ اشاعت :   November 5 – 2015

راولپنڈی / ریاض :  پاکستان اور سعودی عرب نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے انتہاء پسندی کیخلاف میکانزم کو نئی توانائی کیساتھ فعال کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ سعود ی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کی سالمیت کو کسی بھی نوعیت کا خطرہ سعودی عرب کیلئے ناقابل قبول ہوگا جبکہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے حرمین شریفین اور سعودی عرب کی علاقائی سالمیت کے دفاع اور تحفظ کے پاکستانی عزم کا اعادہ کیا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے اپنے دورہ سعودی عرب کے درمیان بدھ کو سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز ، سعودی ولی عہد اور وزیر دفاع سے ملاقاتیں کیں، جنرل راحیل شریف کی سعودی قیادت سے ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور ، دو طرفہ دفاعی اور سیکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعلقات کی مشترکہ عظیم تاریخ ہے اور دونوں ممالک کے عوام میں بھائی چارے کا گہرا جذبہ پایا جاتا ہے جو پائیدار شراکت داری میں تبدیل ہو رہاہے۔ملاقات کے دوران پاک فوج کے سربراہ اور سعودی فرمانروا نے کہا کہ علاقائی استحکام میں دونوں ممالک کا کردار نہایت اہم ہے اور امت مسلمہ کے حوالے سے بھی دونوں ممالک پر بھارتی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے حرمین شریفین اور سعودی عرب کی علاقائی سالمیت کے تحفظ اور دفاع کیلئے پاکستانی عزم کا اعادہ کیا۔ فریقین نے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور انتہاء پسندی کے خاتمے کیلئے میکانزم کو نئی توانائی کیساتھ فعال کرنے پر اتفاق کیا ، سعودی فرمانروا اور ولی عہد نے پاک فوج کے سربراہ کو یقین دلایا کہ پاکستان کی سالمیت کو کسی بھی طرح کا خطرہ سعودی عرب کیلئے ناقابل قبول ہوگا ، سعودی عرب پاکستان میں امن اور استحکام کی حمایت کریگا۔ شاہ سلمان بن عبدالعزیز ، سعودی ولی عہد اور وزیر دفاع نے کہا کہ وہ پاکستان اور پاک فوج کا نہایت احترام کرتے ہیں ، انہوں نے آپریشن ضرب عضب کے دوران پاک فوج کی کامیابیوں کو بھی سراہا۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے انسداد دہشت گردی کے شعبے میں بڑھتے ہوئے تعاون، انٹلیجنس شیئرنگ اور دہشت گردوں وانتہاء پسندوں کیلئے فنڈز کی ترسیل سمیت ہر طرح سے زمین تنگ کر دینے کو بھی سراہا۔ واضح رہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف منگل کو دو روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچے تھے۔