|

وقتِ اشاعت :   November 10 – 2015

راولپنڈی: چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے کہاہے کہ آپریشن ضرب عضب کے طویل مدت نتائج اور ملک میں پائیدار امن کیلئے نظم ونسق کے ضروری اقدامات ناگزیر ہیں اوربے گھر افراد کی تیزی سے واپسی اوراس مقصد کیلئے متاثرہ علاقوں میں تمام رکاوٹیں دور کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وہ منگل کو یہاں جنرل ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ کورکمانڈرز کانفرنس کی صدارت کررہے تھے جس میں اندرونی سلامتی کی صورتحال کاتفصیلی جائزہ لیا گیا۔ آرمی چیف نے جاری آپریشن ضرب عضب میں حاصل ہونیوالی کامیابیوں اورانٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائیوں کوسراہتے ہوئے کہا کہ ملک سے دہشتگردی اورانتہاپسندی کے خاتمے کیلئے ہماری کارروائیوں میں قوم کی مکمل حمایت قابل تحسین ہے تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ آپریشن کے طویل مدت فوائد کے حصول اورملک بھر میں پائیدار امن کیلئے نظم ونسق کے حوالے سے ضروری اقدامات کئے جائیں۔ اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد میں پیشرفت ، فاٹا اصلاحات اورترجیحی بنیادوں پرمشترکہ تفتیشی ٹیموں کے کام کوحتمی شکل دینے کاجائزہ لیاگیا جس کے آپریشن کے نتائج پراثرات پڑسکتے ہیں۔ آرمی چیف نے ہدایت کی کہ بے گھر افراد کی تیزی سے واپسی کیلئے متاثرہ علاقوں میں ترقیاتی کام تیز کیاجائے اورتمام بے گھر خاندانوں کو بحال کیاجائے۔کورکمانڈرز کانفرنس میں آرمی چیف کے مجوزہ دورہ امریکہ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جہاں آرمی چیف نئی ابھرتی ہوئی علاقائی صورتحال اورحقائق کے تناظر میں پاکستان کاموقف اجاگر کرینگے۔