اسلام آباد : قومی سلامتی کے لئے وزیراعظم کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ نے کہا ہے کہ براہمداغ بگٹی کی آزاد بلوچستان کے مطالبے سے دستبرداری بارے پیشکش کا باریک بینی سے جائزہ لینا ہوگا‘بلوچستان میں حالات کافی بہتر ہو رہے ہیں‘جہاں حالات خراب ہیں بہت سے گروپ ہیں آکر تخریب کاری کرتے ہیں ‘بلوچستان میں کچھ پڑوسی ممالک پیسہ لگا رہے ہیں اور ہتھیار فراہم کررہے ہیں۔ وہ گزشتہ روز یہاں صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔ لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ نے کہا کہ بلوچستان میں اب حالات کافی بہتر ہو رہے ہیں۔ بلوچستان کے علاقے میں جہاں حالات خراب ہیں بہت سے گروپ ہیں جو کوئٹہ میں آکر تخریب کاری کرتے ہیں تاکہ ان کی کارروائی کو زیادہ تشہیر ملے۔ ان سے پوچھا گیا کیا کچھ نقادوں کا خیال ہے کہ حال ہی میں جن فراریوں نے ہتھیار ڈالے ہیں ان کی زیادہ اہمیت نہیں تھی قومی سلامتی کے لئے وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ یہ غلط تاثر ہے۔ جن لوگوں نے ہتھیار ڈالے ہیں وہ شورش برپا کرنے والوں میں شامل تھے۔ ایک سوال کے جواب میں قومی سلامتی کے لئے مشیر نے کہا کہ بلوچستان میں کچھ پڑوسی ممالک پیسہ لگا رہے ہیں اور ہتھیار فراہم کررہے ہیں۔