|

وقتِ اشاعت :   November 18 – 2015

پیرس: فرانس کے مزاحیہ سیاسی رسالے چارلی ہیبڈو نے پیرس حملوں میں ہلاک ہونے والے افراد کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے اپنا نیا میگزین کور شائع کیا ہے، جس میں ڈانس کرتے ایک شخص کو ہاتھ میں گلاس پکڑے دیکھا جاسکتا ہے جبکہ اس کے جسم پر لگنے والی گولیوں کے سوراخوں سے شیمپیئن (شراب) باہر نکل رہی ہے. یاد رہے کہ گزشتہ جمعہ کو پیرس کے 6 مقامات پر دہشت گردوں کے خونریز حملوں میں 129 افراد ہلاک اور 300 سے زائد زخمی ہوگئے تھے. خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق میگزین کور کا عنوان ہے، “اُن کے پاس ہتھیار ہیں، ہمارے پاس شیمپیئن (شراب) ہے”. سوشل میڈیا پر اس کور کے حوالے سے متضاد رائے سامنے آئیں،کچھ کے خیال میں یہ پیرس حملے کرنے والوں کے لیے بے باک جواب ہے جبکہ کچھ لوگوں نے اسے بے حسی اور ناپسندیدہ قرار دیا ہے.
چارلی ہیبڈو نے نے 2011 میں پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ کے توہین آمیز خاکے اپنے سرورق پر شائع کیے تھے جس کے بعد اس کے دفتر پر فائربموں کے ذریعے حملہ بھی کیا گیا تھا جب کہ اس میگزین نے داعش کے خلیفہ ابوبکر البغدادی کے حوالے سے ایک ٹوئیٹ بھی کی تھی۔ جس کے بعد رواں ماہ 7 جنوری کو رسالے کے دفتر میں فائرنگ کے نتیجے میں چارلی ہیبڈو کو اپنے 12 ملازمین سے محروم ہونا پڑا تھا. واقعے کے بعد چارلی ہیبڈو نے گستاخانہ خاکوں کی دوبارہ اشاعت کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ میگزین کی ڈیمانڈ میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے اس لیے فیصلہ کیا گیا کہ اس بار اس کی اشاعت 30 لاکھ تک کی جائے گی جبکہ عمومی طور پر 60 ہزار کاپیاں شائع کی جاتی ہیں۔