کراچی، پشاور: آرمی پبلک اسکول پشاور کے سانحے میں جاں بحق ہونے والوں کی پہلی برسی آج منائی جارہی ہے۔
سانحہ اے پی ایس میں جاں بحق ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے مرکزی تقریب آرمی پبلک اسکول میں ہورہی ہے جس میں سول و عسکری قیادت شریک ہے۔
— اسکرین گریب
تقریب میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف، وزیر اعظم نواز شریف، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار، وزیر دفاع خواجہ آصف، گورنر خیبر پختونخوا مہتاب عباسی، وزرائے اعلیٰ اور دیگر سیاسی قائدین بھی شریک ہیں۔
تقریب میں پاک فوج کی جانب سے شہداء کے لواحقین میں میڈلز تقسیم کیے گئے، جبکہ طلبا نے دشمن کو ہر محاذ پر شکست دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے بھی آرکائیوز لائبریری میں تقریب منعقد ہوگی جس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان بھی شریک ہوں گے۔
شہر بھر میں تعزیتی ریفرنس اور دعائیہ تقریبات کا انعقاد ہوگا اور مختلف تنظیموں کی جانب سے سانحہ آرمی پبلک اسکول میں جاں بحق ہونے والوں کی یاد میں ریلیاں بھی نکالی جائیں گی۔
سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ضلع بھرمیں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
آرمی پبلک اسکول کی سیکیورٹی فوجی جوانوں کے سپرد کی گئی ہے، جبکہ شہر بھر میں دو ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
تعلیمی اداروں میں چھٹی
سانحے میں جاں بحق ہونے والوں کی یاد اور ان کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کے لیے ملک بھر کے تعلیمی ادارے بھی آج بند ہیں۔
سانحہ پشاور کو ایک سال مکمل ہونے پر صوبہ سندھ، پنجاب اور بلوچستان کی حکومتوں کی جانب سے آج تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے، جبکہ خیبر پختونخوا حکومت نے آج پشاور میں عام تعطیل کا اعلان کر رکھا ہے۔
لاہور میں تقریب کا انعقاد
اسکرین گریب
لاہور میں سانحہ اے پی ایس کی یاد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی کا کہنا تھا کہ سانحہ پشاور پاکستان کی تاریخ کا بدترین واقعہ تھا اور مستقبل میں ایسے حملوں سے بچنے کے لیے ہمیں ناخواندگی کے خلاف جہاد کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ سوات میں 4 ماہ کے دوران دہشت گردوں کا صفایا کیا گیا اور آج بھی پاک فوج دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مصروف ہے۔
کوئٹہ میں تقریب
کوئٹہ میں سانحہ اے پی ایس میں جاں بحق ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے گیریژن اکیڈمی میں تقریب منعقد کی گئی، جس میں طلبا و طالبات اور خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب میں شمعیں روشن کرکے سانحے میں جاں بحق ہونے والوں کے ورثا سے اظہار یکجہتی کیا گیا۔
خیال رہے کہ 16 دسمبر 2014 کو پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر کالعدم تحریک طالبان (ٹی ٹی پی) کے اندوہناک حملے میں 132 بچوں سمیت 144 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔