|

وقتِ اشاعت :   December 28 – 2015

بغداد: عراقی فوج نے صوبہ انبار کے دارالحکومت رمادی میں کئی ہفتوں کے آپریشن کے بعد داعش کے شدت پسندوں کو شکست دے کر حکومت کا وسطی انتظامی کمپلیکس دوبارہ اپنے قبضے میں لے لیا۔ واضح رہے کہ داعش نے رمادی پر رواں سال مئی میں قبضہ کیا تھا جس کے خلاف امریکا کی تربیت یافتہ عراقی فوج کی پچھلے 18 ماہ میں یہ پہلی بڑی فتح ہے۔ عراقی فوج کے ترجمان صباح النعمانی کا کہنا تھا کہ کمپلیکس اب مکمل طور پر ہمارے کنٹرول میں ہے اور اس میں داعش کے کسی جنگجو کا نام و نشان نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ شہر میں داعش کی شکست کا پیش خیمہ ہے تاہم انہوں نے یہ تسلیم کیا کہ بعض علاقوں سے اب بھی مزاحمت ہو سکتی ہے۔ عراقی فوج کے رمادی کا کنٹرول حاصل کرنے کے بعد بغداد کے جنوب میں واقع شہروں کے رہائشیوں نے خوب جشن منایا، شہری سڑکوں پر ڈانس اور گاڑیوں سے عراقی جھنڈا لہراتے رہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اب ان کا اگلا ہدف شمالی شہر موصل ہوگا، جہاں داعش نے اپنے پنجے گاڑھ رکھے ہیں اور جلد ہی اسے بھی داعش کے قبضے سے چھڑا لیا جائے گا۔