|

وقتِ اشاعت :   December 29 – 2015

امرتسر : ہندوستان کی آرمی کے 3 فوجیوں نے نشے میں دہت ہو کر 14 سالہ لڑکی کا ریپ کر دیا۔ ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق 14 سالہ لڑکی کا ریپ امرتسر سے ہوڑا جانے والی ٹرین میں کیا گیا۔ پولیس کے مطابق فوجی شراب کے نشے میں تھے جبکہ انہوں نے لڑکی کو بھی شراب پینے پر مجبور کیا۔ ہوڑا-امرتسر ایکسپریس پنجاب کے شہر امرتسر سے مغربی بنگال کے شہر ہوڑا جاتی ہے، پولیس کا کہنا تھا کہ ایک ڈبہ فوج کے سپاہیوں کے لیے مخصوص تھا، لڑکی غلطی سے اس ڈبے میں سوار ہو گئی تھی۔ 14 سالہ لڑکی کے مطابق ایک فوجی نے اس کو نشہ دیا جبکہ 2 فوجیوں نے ٹوائلٹ جانے پر اس کا ریپ کیا۔ ٹرین جب جھاڑ کنڈ کے ریلوے اسٹیشن مادھو پور پہنچی تو وہاں لڑکی کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔ 3 میں سے ایک فوجی کو گرفتار کر لیا گیا ہے، مادھو پور پولیس اسٹیشن کے انچارج ارجن تیواری کے مطابق گرفتار کیے گئے فوجی کا نام مندھیر ترپاٹھی ہے جبکہ اسی نے لڑکی کو شراب پلائی تھی۔ ٹائمز آف انڈیا نے رپورٹ کیا کہ لڑکی نے پولیس کو دیئے گئے بیان میں بتایا کہ گرفتار اہلکار مندھیر ترپاٹھی نے اس کو شراب پلائی تھی البتہ اس نے اس کا ریپ نہیں کیا۔ فرار ہو جانے والے باقی دو فوجیوں کی تلاش جاری ہے۔ انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق ہندوستانی فوج کی جانب سے اس کے اہلکاروں کی اس حرکت پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔ خیال رہے کہ ہندوستان کی صرف ایک ریاست جھاڑ کنڈ میں رواں برس اگست تک 1261 خواتین کا ریپ کیا گیا جبکہ 2014 میں 905 خواتین کا ریپ ہوا تھا، اعداد و شمار سے واضح ہوتا ہے کہ خواتین سے زیادتی کے واقعات میں رواں برس بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے، علاوہ ازیں رواں برس صرف جھاڑ کنڈ میں اگست تک 996 خواتین کو اغواء کیا گیا جبکہ گزشتہ برس یہ تعداد 792 تھی۔