اسلام آباد: پانی کی شدید قلت دور کرنے کیلئے حکومت گوادر اور اس کے گردونواح کے علاقوں کو سملی ڈیم سے پانی فراہم کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے ۔ منصوبے کے تحت گوادر کو 6.5 ایم ڈی جی پانی فراہم کیاجائے گا ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ایک عہدیدار نے بتایا ہے کہ یہ ڈیم انقرہ ڈیم سے تین گنا زیادہ بڑا ہے جو کہ سردست شہر کو پانی کی فراہمی کے لئے استعمال کیا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ سواد ڈیم گوادر سے 57 کلو میٹر دور ہے اور اس کی تکمیل قریب ہے ہم پائپ لائن اور پمپ کے لئے ٹینڈر جاری کرینگے اور امید ہے کہ اگلے دو سال میں یہ آپریشنل ہوجائے گا ۔ سینئر عہدیدار کا کہنا تھا کہ اس پروجیکٹ پر 33 ارب روپے لاگت آئے گی جس سے شہر میں پانی کے بحران پر قابو پایا جائے گا انہوں نے کہا کہ فی الحال شہر کی پانی کی ضرورت 4.5 ایم ڈی جی ہے اور 6.5 ایم ڈی جی کی سپلائی سے اس بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی ۔ واضح رہے کہ گزشتہ کئی ماہ سے گوادر اور اس کے گردونواح کے علاقے میں پانی کا شدید بحران ہے کیونکہ انقرہ ڈیم سے پانی کی سپلائی معطل ہوگئی تھی اور ڈیم بارشیں نہ ہونے کے باعث سوکھ گیا تھا