|

وقتِ اشاعت :   January 10 – 2016

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہاہے کہ بلوچستان اسمبلی کے تقدوس کو برقرار رکھاجائیگا اور اس حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کیا جائیگی۔ یہ بات انہوں نے ہفتہ کے روز بلوچستان اسمبلی اور ایم پی اے ہاسٹل کی سیکورٹی انتظامات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں سپیکر صوبائی اسمبلی راحیلہ حمیدخان درانی،اراکین اسمبلی،عبدالرحیم زیارتوال ، طاہر محمود،عاصم کرد گیلو،عبیدہ اللہ بابت، محمد خان لہڑی اور مفتی گلاب، کمشنرکوئٹہ ڈویژن قمبر دشتی، ڈی آئی جی اسپیشل برانچ و ریجنل پولیس آفیسر کوئٹہ،ڈی آئی جی انوسٹگیشن اور ڈی ایس پی سیکورٹی اسمبلی بھی موجود تھے، وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہاکہ صوبائی اسمبلی اورایم پی اے ہاسٹل کے سیکورٹی انتظامات کو بہتر کرتے ہوئے سیکورٹی پر مامور حملے کی ذمہ داروں میں اضافہ کیا جائے اور کسی بھی غیر متعلقہ اور مسلح فرد کے داخلے پر عائد پابندی پر سختی سے عمل کیا جائے،انہوں نے کہا کہ اسمبلی اور ایم پی اے ہاسٹل میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کو بھی فعال کیا جائے۔وزیر اعلیٰ نے سپیکر اسمبلی کی سربرائی میں کمیٹی تشکیل دینے اور کمشنرکوئٹہ ڈویژن ،ڈی آئی جی اسپیشل برانچ اور ڈی آئی جی کوئٹہ ہدایت کی کہ بلوچستان اسمبلی اور ایم پی ہاسٹل کا سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لے کر اقدامات کے حوالے سے تجاویز پیش کریں۔دریں اثنا وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ بلوچستان کی ترقی اور عوام کی معاشی حالات کو بہتر بنانے کے لئے ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا جارہا ہے ، اور اس حوالے سے جلد ہی مزید ترقیاتی منصوبوں کی ابتدا کی جائیگی۔یہ بات انہوں نے ہفتہ کے روز ضلع خضدار کے سب تحصیل مولا،میر اکبر جتک، ٹاؤن کمیٹی زہری کے چیئرمین میرفریدزہری،جام غلام محمد،چاگئے زہری کے حاجی نواب،ضلع زالیکان کے رحیم بخش کی قیادت میں ملنے والے مختلف وفود سے علحیدہ علحیدہ بات چیت کرتے ہوئے کیا۔وفود سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا کہ حکومت صوبے کے دور دراز علاقوں کے لوگوں کوبنیادی سہولیات کی فراہمی،تعلیم ، صحت اور روزگار کی فراہمی میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی، انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام نے ہم پر جس اعتماد کا اظہار کیاہے ان کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچائینگے ۔اس موقع پر وفود نے انہیں وزارت اعلیٰ کا منصب سنھبالنے پرمبارکباد دی اورصوبے کی ترقی کے حوالے سے وزیر اعلیٰ بلوچستان کے وژن کو سراہا۔