|

وقتِ اشاعت :   January 10 – 2016

اسلام آباد : وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ پٹھان کوٹ واقعہ کی شفاف انداز میں تحقیقات کر رہے ہیں، سچ کو سامنے لایا جائے گا،پاکستان اپنی سرزمین کسی دوسرے ملک کیخلاف دہشتگردی کیلئے استعمال ہونے کی اجازت نہیں دیگا جبکہ امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ پٹھان کوٹ واقعے کے باوجود پاکستان اور بھارت مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق گزشتہ روز امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے وزیراعظم محمد نوازشریف کو ٹیلیفون کیا ہے جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات ، دہشت گردی کیخلاف جنگ اور پاک بھارت تعلقات سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا ۔جان کیری نے وزیر اعظم کو بتایا کہ پاک بھارت مذاکرات خطے کے استحکام کیلئے ضروری ہیں۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے وزراء اعظم کا قائدانہ کردار بہت اہم ہے،دہشتگرد پاک بھارت مذاکرات کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں،دونوں ملکوں کو مذاکرات جاری رکھنے چاہئیں ۔اس موقع وزیراعظم نوازشریف نے انہیں یقین دلایا کہ پٹھانکوٹ واقعے میں شفاف انداز میں تحقیقات کر رہے ہیں اور اسکے نتائج سامنے لائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین سے دہشتگردی کا خاتمہ کر رہے ہیں،پاکستان کے تمام ادارے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں،پاکستان اپنی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف دہشتگردی کے مقاصد کیلئے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا