|

وقتِ اشاعت :   January 11 – 2016

کوئٹہ: گورنر سیستان بلوچستان ایران کے علی اوسط ہاشمی کی سربراہی میں 22رکنی اعلیٰ سطحی وفدتین روزہ دورے پر گوادر پہنچ گئے ہیں۔ 22رکنی وفد نے گوادر پورٹ، گوادر ٹریڈ فری زون کا مجوزہ سائٹ، گوادر پورٹ سوک سینٹر کا دورہ کیا۔ اس سے قبل گورنر سیستان بلوچستان ایران علی اوسط ہاشمی کو بریفنگ دیتے ہوئے گوادر پورٹ اتھارٹی کے چیئرمین خان جمالدینی نے کہا ہے کہ گوادر پورٹ کے فعال ہونے اور پاک چائنا اکنامک کاریڈور کی تکمیل سے گوادر سمیت پورا وسطی ایشیائی ممالک مستفید ہوں گے۔ انہوں نے ایرانی وفد کو گوادر بندرگاہ پاک چائنا اقتصادی راہداری او رپاک چائنا اشتراک سے جاری منصوبوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ گوادر بندرگاہ اپنی جغرافیائی محل وقوع کی وجہ سے دنیا بھر میں خاص اہمیت کا حامل ہے۔ اس موقع پر گورنر سیستان بلوچستان ایران علی اوسط ہاشمی نے کہا ہے کہ ہمارے دورہ گوادر کا مقصد دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید گہرا اور پائیدار بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان صدیوں پرانے اور برادرانہ تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں برادر ممالک اس طرح سرحدوں پر ملنے کے نتیجے میں دونوں اسلامی ممالک کے درمیان تعلقات کو فروغ دیتا ہے اور اس طرح ہمسایہ ممالک میں رابطہ کاری کے نتیجے میں پائیدار اور مستحکم تعلقات موجود ہیں جو دونوں ممالک کے مفاد میں بہتر ہے۔