|

وقتِ اشاعت :   January 13 – 2016

کوئٹہ: سیٹلائٹ ٹاؤن میں انسداد پولیو سنٹر کے قریب خود کش دھماکے سے سیکیورٹی فورسز کے 14 اہلکار شہید جب کہ متعدد زخمی ہو گئے۔ وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی کا میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سیٹلائٹ ٹاؤن میں انسداد پولیو سنٹر کی سیکیورٹی پر مامور پولیس موبائل کے قریب زوردار دھماکے کے نتیجے میں 13 پولیس اہلکار اور ایف سی اہلکار شہید جب کہ 20 زخمی ہو گئے، زخمیوں میں سے 8 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز سید امتیاز شاہ کا کہنا تھا کہ دھماکا خود کش تھا اور اس میں 4 سے 5 کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا، دھماکے کی جگہ سے خود کش بمبار کے اعضا مل گئے ہیں جس کی شناخت کے لئے کارروائی شروع کردی گئی ہے۔ دھماکا اتنا زوردار تھا کہ اس کی آواز دور کے علاقوں میں بھی سنی گئی جب کہ دھماکے سے قریبی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔ وزیراعظم نواز شریف نے کوئٹہ دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیوں سے ہمارے جوانوں کے حوصلے کم نہیں ہوں گے اور ملک سے دہشت گردوں کا خاتمہ کر کے ہی دم لیں گے۔ دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے بھی کوئٹہ دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے آئی جی بلوچستان سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔