کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے سعودی عرب اور ایران کے مابین تنازعہ کے پرامن حل کے لئے وزیراعظم محمد نوازشریف او رپاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کے سعودی عرب اور ایران کے مجوزہ دورہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس حوالے سے پاکستان کے کردار کو مسلم امہ کے درمیان اتحاد کے لئے اہم پیشرفت قراردیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم دنیا کا ایک اہم ملک ہے جس نے ہمیشہ مسلم ممالک میں اتحاد واتفاق کے فروغ اور تنازعات کے حل کیلئے قائدانہ کردار ادا کیا ہے۔ گذشتہ چند برسوں میں میانہ روی اور مثبت پالیسیوں کے باعث خطے میں پاکستان کے اثرورسوخ میں اضافہ ہوا ہے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف دنیا بھر بالخصوص مسلم ممالک میں ایک مدبر اور قابل احترام رہنما مانے جاتے ہیں جبکہ جنرل راحیل شریف کا شمار دنیا کے صف اول کے جنرلوں میں ہوتا ہے لہٰذا اس وقت جبکہ سعودی عرب اور ایران جیسے اہم برادر مسلم ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات انتہائی کشیدہ ہیں اور جوتمام مسلمانوں کے لئے تشویش کا باعث ہیں، پاکستانی قیادت کا سعودی عرب اور ایران کے دوروں اور وہاں کی قیادت سے ملاقاتیں نہایت اہمیت کی اہمیت کی حامل ہیں۔ وزیراعلیٰنے کہا کہ اس وقت تمام دنیا کی نظریں پاکستان پر مرکوز ہیں اور پاکستان قیادت یقیناًاس تنازعہ کے حل میں اہم کردار ادا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سعودی اور ایرانی قیادت کے ساتھ ساتھ دیگر ممالک کی بھی خواہش ہے کہ پاکستان اس تنازعہ کے حل میں اپنا کردار ادا کرے جو پوری پاکستانی قوم کے لئے فخر کا باعث ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ گذشتہ دنوں دورہ گوادر کے موقع پر ایرانی صوبہ سیستان بلوچستان کے گورنر آغا علی اوسط ہاشمی نے بھی ان سے ہونے والی ملاقات میں اس خواہش کا اظہار کیا تھا کہ پاکستان اس تنازعہ کے حل میں اپنا کردار ادا کرے۔ وزیراعلیٰ نے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ پاکستانی رہنماؤں کے سعودی عرب اور ایران کے دوروں کے دوررس نتائج برآمد ہوں گے اور دونوں مسلم ممالک کے درمیان تنازعہ کا پرامن حل ممکن ہوسکے گا۔