کوئٹہ: بلوچ نیشنل موومنٹ کے مرکزی سیکریٹری جنرل ڈاکٹر منان بلوچ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ بی این ایم کاروز افزوں بیرونی ممالک میں استحکام خوش آئند بات ہے ۔ عالمی اداروں اور فورمز میں بی این ایم کی شرکت ایک سنگ میل ایک مثبت عمل ہے۔اس کا سہرا بی این ایم کے خارجہ سیکرٹری حمل حیدر بلوچ اور اس کی ٹیم کے سر جاتا ہے۔ خارجہ سیکرٹری اور اس کی ٹیم کی کارکردگی قابل ستائش ہے۔ اُمید ہے کہ یہ ٹیم زیادہ سے زیادہ ممالک اور اداروں کے ساتھ اپنے رابطے اور رشتے مزید مضبوط کریگا۔ میں افغان ریجن کمیٹی کو مبارکباد پیش کرکے اُمید کرتا ہوں کہ وہ پارٹی کو اپنے ریجن میں منظم کرنے اور بلوچ قومی سوال کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ہونے والی مظالم کو اقوام متحدہ، عالمی اداروں اور جمہوری دنیا تک پہنچانے میں بیرونی ممالک میں بی این ایم کا ایک فعال کردار اہم اور وقت کی ضرورت ہے، ریاست بلوچوں کی آزادی کی تحریک کو کچلنے کیلئے تمام بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ آئے روز بلوچوں کا اغوا اور مسخ شدہ لاشوں کے پھینکنے کا سلسلہ کئی سالوں سے جاری ہے، جس کاہزاروں بلوچ شکار ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیرہ بگٹی و کوہلو سے لیکر مکران تک بلوچستان میں آپریشن روز کا معمول بن چکی ہیں۔ گزشتہ دن مشکے کے ایک گاؤں پر حملہ کرکے فورسز نے کئی گھر جلاڈالے ہیں اور تین بلوچ فرزندوں کو شہید کرنے کی اطلاع ہے۔ مگر اقوام متحدہ ، انسانی حقوق اور جمہوریت کے علمبردار ان مظالم کے خلاف لب کشائی سے قاصر دکھائی دیتے ہیں۔ یورپ اور امریکہ کو پاکستان کے بارے میں اپنی پالیسی میں تبدیلی لانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ساتھ ہی اس حقیقت کو تسلیم کر لینا چاہئے کہ خطے میں امن و امان بلوچستان کی آزاد حیثیت کی بحالی ہی میں پنہاں ہے۔