کوئٹہ: بلوچستان میں یونیورسٹیز کی حفاظت کے لیے نئی فورس کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے۔نئی فورس صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت پورے صوبے میں جامعات کی حفاظت کے اقدامات انجام دے گی۔صوبائی حکومت نے جامعات کی حفاظت کے لیے فورس کے قیام کا فیصلہ 4 روز قبل خیبر پختونخوا میں چارسدہ کی باچا خان یونیورسٹی میں دہشت گردوں کے حملے کے بعد کیا گیا ہے۔نجی ٹی وی سے گفتگو میں بلوچستان کی وزارت داخلہ کے سیکریٹری اکبر حسین درانی کا کہنا تھا کہ نئی قائم کی جانے والی فورس یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کے ماتحت ہو گی۔اکبر حسین درانی نے بتایا کہ اس فورس کے انتظامی اختیارات پولیس کے پاس ہوں گے۔سیکریٹری داخلہ کا کہنا تھا کہ نئی فورس کو ‘یونیورسٹی کیمپس سیکیورٹی فورس’ کے قیام کے بعد ہر یونیورسٹی میں 60 اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔کیمپس سیکیورٹی فورس کے لیے صوبائی حکومت جلد بھرتیاں کرے گی جبکہ ان کوتربیت کے ساتھ ساتھ جدید ہتھیار بھی فراہم کیے جائیں گے۔