|

وقتِ اشاعت :   January 26 – 2016

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری سے رکن صوبائی اسمبلی و سابق اسپیکر بلوچستان اسمبلی میرجان محمدجمالی نے پیر کے روز یہاں ملاقات کی جس میں انہوں نے وزیر اعلیٰ کو نصیرآباد ڈویژن اور بلخصوص ضلع جعفر آباد اور تحصیل اوستہ محمدکو درپیش بعض اہم مسائل اور جاری و مجوزہ ترقیاتی منصوبوں سے متعلق آگاہ کیا۔ سینیٹر آغا شہباز درانی ، رکن صوبائی اسمبلی میر عاصم کرد گیلو، سیکرٹری مواصلات علی احمد مینگل بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سابق سپیکر نے وزیر اعلیٰ سے نصیر آباد ڈویژن میں زرعی یونیورسٹی کے لئے خصوصی کمیٹی کے قیام ، یونیورسٹی کے لئے سرکاری اراضی کا تعین اور میونسپل کمیٹی اوستہ محمد کو کارپوریشن کا درجہ دینے ، اوستہ محمد کے لئے فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کی فراہمی ، لانڈی واٹر سپلائی سکیم کی بحالی ، اوستہ محمد شہر کے نکاسی آب کے نظام کے لئے خصوصی پیکج کی فراہمی سمیت بعض دیگر منصوبوں کی منظوری کی درخواست کی۔اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گریٹر کچھی واٹر سپلائی سکیم نصیرآباد ڈویژن کے عوام کو پانی کی فراہمی کا اہم منصوبہ ہے جس کے لئے پی ایس ڈی پی میں فنڈ مختص ہیں۔اس حوالے سے محکمہ پبلک ہیلتھ کو منصوبے پر جلد عملدرآمد کا آغاز کیا جائے جبکہ وزیر اعلیٰ انسپکشن ٹیم کو بھی منصوبے کا معائنہ کرنے کی ہدایت کی جائیگی۔ وزیر اعلیٰ نے کیٹل فارم اوستہ محمد کی توسیع اور وہاں زراعت اور لائیواسٹاک کے شعبوں میں تحقیقی کاموں کا آغاز کیا جائیگاجس کا فائدہ ذمیندار اور مالداروں کو پہنچے گا۔ اس موقع پر سیکر ٹری مواصلات علی احمد مینگل نے بتایا کہ 14سال سے تعطل کا شکار ڈیرہ الہ یار تااوستہ محمداور ڈیرہ الہ یار تا صحبت پور سڑک کے منصوبے پر کام کا آغا کر دیا گیا ہے ،وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ منصوبے میں معیار کا خصوصی خیال رکھا جائے ، انہوں نے کہا کہ منصوبے کے لئے مطلوبہ فنڈز کا اجراء یقینی بنایا جائیگا۔