کوئٹہ: چیف سیکرٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ نے کہا ہے کہ گوادر بندرگاہ انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ جو ملکی معیشت میں موثر کردار کرسکے گی اوریہاں سرمایہ کاروں اور عوام کے جان ومال کا تحفظ صوبائی حکومت کی اولین ذمہ داری ہے اور اس کیلئے حکومت نے ہنگامی اقدامات اٹھا ئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ ، گوادر سیف سٹی اور ریڈزون کی سیکیورٹی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں انسپکٹر جنرل پولیس احسن محبوب ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ( ترقیات) نصیب اللہ بازئی، سیکرٹری داخلہ اکبر حسین درانی ، سیکرٹری خزانہ مشتاق احمد رئیسانی ، سیکرٹری مواصلات علی احمد مینگل ، سیکرٹری قانون محمد علی کاکڑ ، سیکرٹری آئی ٹی عمر بابر اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔ اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے ڈی جی آئی ٹی خالد شیردل نے کہا کہ کوئٹہ شہر میں 261مقامات پر 1400کیمرے لگائے جائیں گے۔ جن میں سے اکثر مقامات پر جدید کیمرے لگائے گئے ہیں۔ جو شہر کے داخلی ، خارجی اور اہم شاہراہوں پر نصب کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اسی طرح گوادر شہر میں 136جگہوں پر 465انتہائی جدید نوعیت کے کیمرے لگائے جائیں گے۔ جس میں آر ایف آئی ڈی ،آٹو میٹک نمبر پلیٹ ریڈر اور لیزر کیمرے ہوں گے اور یہ پروجیکٹ تقریباً10ارب روپے کی لاگت کا ہے ۔جس میں سے 3ارب روپے کی منظوری ہو چکی ہے اور شہر میں وائرلیس ٹاور بھی لگائے جائیں گے۔ جس سے سرمایہ کار ، ماہی گیر مستفید ہونگے۔ اس موقع پر سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی بلال احمد جمالی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سول سیکرٹریٹ کی سیکیورٹی کیلئے 32کیمرے لگائے گئے ہیں۔ 50جدید کمیرے اور لگائے جائیں گے۔ جبکہ 130مزید کیمروں کی ضرورت ہوگی اور اس کی نگرانی کیلئے کنٹرول روم بھی بنایا گیا ہے۔ گاڑیوں کیلئے آر ایف آئی ڈی سسٹم نصب کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ریڈ زون کی سیکیورٹی کیلئے بھی اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ ریڈ زون میں وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ ،گورنر ہاوس ، چیف سیکرٹری ہاوس ، صوبائی اسمبلی اور ہائی کورٹ شامل ہیں۔ اجلاس کو بتایا کہ ریڈ زون کی سیکیورٹی کی ذمہ داری پولیس کے پاس ہوگی۔ چیف سیکرٹری نے اجلاس کو ہدایت کی کہ تمام منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے کیونکہ عوام اور سرکاری ملا زمین کے جان و مال کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔ انہوں نے کہاکہ کوئٹہ اور گوادر سیف سٹی پر بنائی گئی کمیٹیوں کا اجلاس ہر دو ماہ بعد بلایا جائے۔