کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ بلوچستان لوکل گورنمنٹ آرڈیننس میں ضروری ترامیم کے ذریعہ اس میں پائے جانے والے ابہام کو دور کیا جائے گا اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی پر پختہ یقین رکھتے ہیں۔ بلدیاتی اداروں کو مؤثر اور فعال بنا کر نچلی سطح پر عوام کے مسائل کے حل کو یقینی بنایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آل بلوچستان متحدہ یونین کونسلز کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ہے جس نے حاجی فاروق شاہوانی کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان لوکل گورنمنٹ آرڈیننس جلد بازی میں بنایا گیا جب اس حوالے سے قانون سازی ہورہی تھی تب بھی انہوں نے ساتھیوں سے یہی کہا تھا کہ جب دیگر صوبے اس حوالے سے جلد بازی نہیں کررہے تو ہمیں بھی نہیں کرنی چاہئے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے محکمہ قانون کو دیگر صوبوں کے آرڈیننس کا جائزہ لے کر بلوچستان لوکل گورنمنٹ آرڈیننس میں ضروری ترامیم کی سفارشات تیار کرنے کی ہدایت کی ہے اس حوالے سے قانونی پیچیدگیوں کو جلد دور کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ صوبے کے ہرعلاقے کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں بلوچستان کی بیشتر آبادی دیہی علاقوں میں رہتی ہے جہاں مسائل بھی زیادہ ہیں جن کے حل کے بلدیاتی نمائندے مؤثر کردار ادا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وسائل کے مطابق بلدیاتی ادراروں کو یونین کونسل کی سطح تک فنڈز دیں گے اور وزیراعظم سے بھی خصوصی فنڈز کی فراہمی کی درخواست کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے بلدیاتی اداروں کے نمائندوں کے عزم وحوصلے کو سراہتے ہوئے یقین دلایا کہ ان کی جانب سے پیش کی گئی قابل عمل تجاویز پر عملدرآمد کیا جائے گا۔