|

وقتِ اشاعت :   January 31 – 2016

کوئٹہ: ہیڈ کوارٹرز سدرن کمانڈ میں کمانڈر سدرن کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض کی سربراہی میں امن و امان کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں بلوچستان کے وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی، چیف سیکرٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ، گریژن کمانڈر میجر جنرل آفتاب خان ،، آئی جی ایف سی بلوچستان میجر جنرل شیر افگن اور آئی جی پولیس بلوچستان احسن محبوب ، چیف آف سٹاف سدرن کمانڈ میجر جنرل سید محمد عدنان کے علاوہ بلوچستان گورنمنٹ ، پولیس اور ایف سی کے اعلیٰ افسران نے بھی شرکت کی ۔ اجلاس میں صوبے کے موجودہ حالات اور بالخصوص کوئٹہ میں پائیدار امن کے حوالے سے لئے گئے خصوصی سکیورٹی انتظامات پر کمانڈر سدرن کمانڈ کو آگاہ کیا۔ اجلاس میں پولیس پر حملوں اور خود کش دھماکوں سے متعلق بریفنگ دی گئی اور اس کے سلسلے میں کئے گئے انتظامات سے آگاہ کیا گیا تاکہ آئندہ کے لئے ایسے واقعات کا سد باب کیا جا سکے۔ کمانڈر سدرن کمانڈ نے صوبہ میں سکیورٹی کے حوالے سے خصوصی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد ی کے خاتمہ کے لئے ہر ممکن اقدامات کیئے جائیں ۔ کمانڈر سدرن کمانڈ نے پولیس، ایف سی، لیویز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔