کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اﷲ خان زہری نے M-8کے تربت ہوشاب سیکشن کے افتتاح کو بلوچستان کی ترقی کے حوالے سے تاریخی سنگ میل قراردیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ پاک چین اقتصادی راہداری کا باقاعدہ اور باضابطہ آغاز ہیجو راہداری کے مشرقی، مغربی اور وسطی روٹ کو گوادر بندرگاہ سے منسلک کرے گا۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ بلوچستان آج ملک کی معاشی و اقتصادی ترقی کیلئے اپنا کلیدی کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے جس پر بلوچستان کا ہر شخص بجا طور پر فخر کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے پالیسی ساز اب اس نتیجے پر پہنچ چکے ہیں کہ ایک پرامن خوشحال اور ترقی یافتہ بلوچستان ہی ملک کو معاشی و اقتصادی استحکام کی ضمانت فراہم کرسکتا ہے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں مجموعی طور پر پورا ملک اور خصوصی طور پر بلوچستان ترقی کی منازل تیز رفتاری سے طے کرے گا جس کا ثبوت تربت ہوشاب موٹر وے کا افتتاح ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ جس طرح ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے سیاسی و عسکری قیادت ایک صفحہ پر ہیں اسی طرح بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے بھی ان میں مکمل ہم آہنگی موجود ہے اور ہمیں اس حوالے سے وزیراعظم محمد نوازشریف اور پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کی بھرپور سرپرستی و رہنمائی اور معاونت حاصل ہے جو ہمارے لئے باعث تقویت ہے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت اور ان کے اقتدار کے ادوار میں ہمیشہ قومی اہمیت کے حامل منصوبے بنائے گئے لاہور اسلام آباد موٹر وے اور اب اقتصادی راہداری جیسے منصوبے ملک و قوم کی تعمیر و ترقی اور معاشی استحکام کی بنیاد ثابت ہوں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ جنرل راحیل شریف نے گذشتہ روز کوئٹہ میں کئے جانیو الے اپنے خطاب میں بتایاتھا کہ انہوں نے بلوچستان کی شاہراہوں کے منصوبوں کیلئے ایف ڈبلیو او کو واضح ہدایت کی ہے کہ منصوبوں کی تکمیل میں کوئی رکاوٹ حائل نہ ہونے دی جائے اورفنڈز کے اجراء میں تاخیر کی صورت میں بھی ایف ڈبلیو او اپنے وسائل سے کام جاری رکھے وزیراعلیٰ نے کہا کہ جنرل راحیل شریف کی یہ ہدایت بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی میں ان کی خصوصی دلچسپی کا مظہر ہے جس کیلئے ہم ان کے شکر گذار ہیں۔