|

وقتِ اشاعت :   February 5 – 2016

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اﷲ خان زہری نے پاکستان سوپر لیگ کرکٹ ٹورنامنٹ کے انعقاد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس ٹورنامنٹ کے انعقاد سے نہ صرف کرکٹ کو فروغ ملے گا اور شائقین کو بہترین کرکٹ دیکھنے کو ملے گی بلکہ دنیا بھر کو یہ پیغام بھی ملے گا کہ پاکستانی پرامن قوم ہیں جو دہشت گردی کے خلاف ہیں اور دہشت گردی کا شکار ہونے کے باوجود ان کے حوصلے بلند ہیں اور وہ کھیلوں سے پیار کرتے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ گلیڈییٹرز کے کپتان سرفراز احمد ٹیم کے کھلاڑیوں اور مینجمنٹ سے میچ سے قبل گفتگو کرتے ہوئے کیا۔واضح رہے کہ وزیراعلیٰ خود بھی کرکٹ سمیت دیگرکھیلوں میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں اور ان کا وژن ہے کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو کھیلوں کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرکے انہیں مثبت اور تعمیری سرگرمیوں میں شامل کیا جائے جس سے ان کی صلاحیتیں اجاگر ہوسکیں یہی وجہ ہے کہ وہ کوئٹہ کی ٹیم کی حوصلہ افزائی کیلئے خود دبئی میں موجود ہیں کوئٹہ کی ٹیم کے کھلاڑیوں نے وزیراعلیٰ کی موجودگی کو ٹیم کیلئے حوصلے کا باعث قراردیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ جیت کا جذبہ لیکر میدان میں اتریں گے اور بلوچستان کے عوام نے ٹیم سے جو امیدیں وابستہ کررکھی ہیں ان پر پورا اترنے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔ وزیراعلیٰ نے ٹیم کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہار اور جیت کھیل کا حصہ ہوتی ہے جبکہ اہمیت جذبے اور عزم کی ہوتی ہے انہیں امید ہے کہ کوئٹہ کی ٹیم پورے ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پی ایس ایل کا انعقاد دنیا بھر کے سامنے پاکستان کے سوفٹ امیج کو ابھارنے کا سبب بنے گا جس میں دنیا بھر کے بہترین کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ پاک فوج اور سیکورٹی فورسزکی دہشتگردی کے خلاف کامیاب کاروائیوں سے جلد پاکستان دہشتگردوں سے پاک ہوجائے گاجس سے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کے مقابلوں کا انعقاد ممکن ہوسکے گا اور آئندہ سال پی ایس ایل کا انعقاد پاکستان میں ہوگا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی اور کوئٹہ گلیڈییٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈکی ٹیموں کے مابین کھیلا جانے والا افتتاحی میچ دیکھا اور اپنی گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔