|

وقتِ اشاعت :   February 9 – 2016

کوئٹہ: بی ایس او آزاد بالگتر زون کا جنرل باڈی اجلاس زیر صدارت زونل سینئر نائب صدر منعقد ہوا ۔اجلاس کے مہمان خاص مرکزی کمیٹی کے رکن چراگ بلوچ تھے ،اجلاس میں مرکزی سرکیولر،سابقہ زونل کارکردگی رپورٹ،تنظیمی امور،بلوچستان عالمی و علاقائی سیاسی صورتحال ،تنقیدی نشست اور آئندہ لائحہ عمل کے ایجنڈے زیر بحث رہے ۔اجلاس کا باقائدہ آغاز عظیم بلوچ شہداء کی یاد میں خاموشی سے ہوئی ۔اجلاس سے بی ایس او آزاد کے مرکزی کمیٹی کے رکن چراگ بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا ریاستی ادارے بلوچ قومی تحریک آزادی سے عوامی وابستگی کو دیکھ کر خوفزدہ ہوکر پچھلے کئی عرصے سے نہتے بلوچوں پر انتہائی طاقت کا استعمال کررہی ہے ،انہوں نے کہا کہ قومی تحریک کی کامیابی کیلئے ہزاروں شہداء نے اپنی قیمتی جانیں قربان کی ہیں تاکہ اپنی قوم کو محکومیت سے نجات دلائیں اور بلوچ عوام ان عظیم شہداء کی فکر و فلسفہ پر کاربند رہتے ہوئے اپنی قومی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھارہی ہیں۔بی ایس او آزاد کے رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچ قومی تحریک سے خوف اور بلوچستان میں اپنی غیر فطری وجود کو کمزور ہوتا دیکھ کر ریاستی عزائم واضح نظر آتے ہیں اوربلوچ قومی تحریک سے نالاں اور یہاں سرمایہ کاری کرنے والے دیگر ممالک و کمپنیاں بلوچ قومی تحریک آزادی کو کچلنے کی مکمل منصوبہ بندی کرکے کثیر الجہتی پالیساں مرتب کرکے قومی تحریک کے خلاف بر سرپیکار ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بلوچ عوام کی مرضی و منشاء کے بغیر چائنا تا گوادر اکنامک کوریڈور کو مکمل کرنے ا ور اس کوریڈور کے سامنے آنے والے مقامی آبادیوں کو علاقے سے بے دخل کرنے کے ساتھ ساتھ بلوچستان میں فورسز کی کاروائیوں میں روزانہ کی بنیاد کی شدت لاکر نہتے بلوچ عوام کی قتل عام کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا ایک عرصے سے بلوچستان میں اپنے کو مستحکم کرنے کیلئے باشعور سیاسی لیڈروں اور کارکنان کو چن چن کر جبری طور پرلاپتہ اور شہید کررہی ہے تاکہ سیاسی کارکنوں کو راستے سے ہٹا کر جہد آزادی کوختم کرسکیں،مگر اس کے برعکس بلوچستان میں سیاسی کارکنان عظیم شہدا کی فکر و فلسفہ پر گامزن رہتے ہوئے اپنی قومی ذمہ داریاں ادا کررہی ہیں ۔اجلاس میں تما م ایجنڈوں پر بحث مباحثہ کے بعد سابقہ کابینہ تحلیل کردی گئی اور زونل ذمہ داریاں نئی کابینہ کو سونپی گئی۔