|

وقتِ اشاعت :   February 15 – 2016

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے تمپ میں ایف سی کے قافلے پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے حملے میں ایف سی کے اہلکاروں کے زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے، اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ ہمیں دہشت گردی کی صورت میں جس بڑے چیلنج کا سامنا ہے ہماری سیکورٹی فورسز نہایت کامیابی کے ساتھ اس چیلنج کا مقابلہ کر رہی ہیں اور دہشت گردوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہیں ، انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور ایک پرامن بلوچستان کے قیام کے لیے ناصرف سیاسی اور عسکری قیادت میں مکمل ہم آہنگی موجود ہے بلکہ سول اور عسکری ادارے مشترکہ طور پر دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کاروائیاں کر رہے ہیں، سیکورٹی فورسز کے درمیان معلومات کے تبادلے کی بنیاد پر کی جانے والی کامیاب کاروائیوں سے عوام کے احساس تحفظ میں اضافہ ہوا ہے اور ان کا سیکورٹی اداروں پر اعتماد پختہ ہو رہا ہے، وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ صوبے سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک کاروائیاں جاری رہیں گی اور سیکورٹی اداروں کو حکومت کی مکمل سرپرستی اور معاونت جبکہ عوام کی بھرپور حمایت حاصل رہے گی، ہمیں اپنی بہادر سیکورٹی فورسز پر فخر ہے اور ان کی قربانیاں ہمارے لیے قابل قدر ہیں۔وزیراعلیٰ نے زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔دریں اثناء وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ آج سے شروع ہونے والی تین روزہ پولیو مہم میں اپنے 5سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں اور ان کے صحت مند مستقبل کو محفوظ بنائیں، وزیراعلیٰ نے صوبہ بھر کے عوام ، بلدیاتی نمائندوں، سیاسی و قبائلی عمائدین بالخصوص علماء کرام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ پولیو مہم کی کامیابی میں اپنا کردار ادا کریں، کیونکہ ہم نے صحت مند بچوں کے ذریعے اپنا مستقبل روشن اور محفوظ بنانا ہے، اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ ہمیں دہشت گردی کے ساتھ ساتھ پولیو کے موذی مرض جیسے چیلنج کا بھی سامنا ہے، تاہم ہم نے صوبے کو دہشت گردی اور پولیو سے پاک کرنے کا عزم کر رکھا ہے ، وزیراعلیٰ نے متعلقہ اداروں کو پولیو مہم کی بھرپور کامیابی کے لیے موثر اقدامات کرنے جبکہ پولیو ورکروں کو بھرپور سیکورٹی اور تحفظ فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔وزیراعلیٰ نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے کہ چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ بذات خود پولیو مہم کی نگرانی کر رہے ہیں، جس سے پولیو مہم کو موثر اور مربوط بنانے میں مدد مل رہی ہے اور مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں اور یہ بات قابل اطمینان ہے کہ بلوچستان میں پولیو کیسز میں نمایاں کمی رونما ہوئی ہے۔ واضع رہے کہ صوبے کے 15اضلاع میں آج سے انسداد پولیو کی تین روزہ مہم کا آغاز ہو رہا ہے، جس میں تقریباً 16لاکھ بچوں کو پولیو ویکسین پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس کے لیے 4ہزار سے زائد ٹیمیں مقرر کی گی ہیں۔