کوئٹہ: نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سینیٹر میر حاصل خان بزنجو نے کہا ہے کہ بلوچستان میں غیر قانونی طورپر لاکھوں افغان مہاجرین کی بلوچستان میں موجودگی بلوچ علاقوں میں امن وامان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر بلوچستان میں بلوچ تشخص کو خطرات درپیش ہیں بلوچستان میں ان حالات میں مردم شماری کا انعقاد بلوچ عوام کے خلاف ساز ش تصور کی جائے گی جو بلوچ عوام کو اپنے وطن میں اقلیت میں تبدیل کرنے کی منصوبہ بندی ہے نیشنل پارٹی ملک میں ہونے والی نجکاری کے عمل کو بھی مسترد کرتے ہوئے نجکاری کے عمل کو فوری طورپر روکنے کا مطالبہ کرتی ہے ۔ نیشنل پارٹی فاٹا اور قبائلی علاقہ جات کو خیبر پشتونخواء میں شامل کرنے اور قبائلی علاقوں کے متاثرین کو باعزت طریقے سے واپس بھجوانے اور ان کے نقصانات کے ازالے کا مطالبہ کرتی ہے مرکزی کمیٹی کے اجلاس میں صوبائی وزیر زراعت سردار اسلم خان بزنجو کو ڈپٹی پارلیمانی لیڈر منتخب کردیا گیا مردم شماری کے خلاف بلوچستان میں احتجاجی مظاہرے او رکانفرنسوں کے انعقاد کا بھی اعلان کیا گیا بلوچستان اور ملک بھر میں پارٹی کو فعال و متحرک کرنے کیلئے مختلف کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئی ہے ۔ انہوں نے یہ بات اتوار کے روز نیشنل پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے دوروزہ اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔اجلاس میں بلوچستان میں ہونے والے مردم شماری کو مکمل طورپر مسترد کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ بلوچستان میں نیشنل پارٹی کی قیادت نے مخلوط حکومت میں اچھی طرز حکومت کی بنیاد رکھی ہے سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان اور نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کادور حکومت مثالی تھا ان کے خلاف کوئی انگلی بھی نہیں اٹھا سکتا اجلاس میں نیشنل پارٹی کے سابقہ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ صوبائی صدر محمد اکرم دشتی ، پنجاب کے صدر ملک محمد ایوب ، کے پی کے کے صدر مختار باچا ، سندھ کے صدر رمضان میمن ، بی ایس او کے چیئرمین اسلم بلوچ ، ایم این اے سردار کمال خان بنگلزئی ، سینیٹر ڈاکٹر اشو ک کمار ، سینیٹر میر کبیر محمد شئی، رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر شمع اسحاق ،رکن صوبائی اسمبلی محترمہ یاسمین لہڑی ، سابقہ وزیر اعلیٰ بلوچستان کے ترجمان جان محمد بلیدی ، طاہرہ خورشید، سید ہ غلام فاطمہ ، صوبائی وزیر سردار اسلم بزنجو ، صوبائی وزیر محمد خان شاہوانی ، طاہر بزنجو ، ڈاکٹر حسن ناصر سمیت مرکزی کمیٹی نے کثیر تعدادمیں شرکت کی ۔ اراکین مرکزی کمیٹی نے اجلاس کے دوسرے دن پاک چائنا اقتصادی راہداری پاکستان میں نجکاری اور بلوچستان میں مردم شماری کے علاوہ تنظیمی معاملات پر تفصیلی بحث کی ۔ نیشنل پارٹی کے صدر اور سنیٹر میر حاصل خان بزنجو نے پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر یاسین بلوچ کی شہادت پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ڈاکٹر یاسین پارٹی کا بیش قیمت سرمایہ تھا پارٹی کے لئے ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جا ئے گا۔ ۔انہوں نے مرکزی کمیٹی کے ارکان مرکزی کابینہ اور صوبائی وحدتوں کے عہدیداروں سے کہاکہ وہ پارٹی کے تنظیم کو پورے ملک میں ضلعی سطح تک مضبوط بنائیں ۔ اور عوام کے ساتھ رابطے رکھیں ۔انہوں نے کہاکہ نیشنل پارٹی اس وقت ملک میں واحد جماعت ہے جو عوام کو ایک متبادل قیادت فراہم کر سکتی ہے ۔انہوں نے سندھ ، خیبر پختونخواء ، پنجاب ، اور بلوچستان میں تنظیمی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ صوبائی تنظیموں کو چاہئے کہ وہ عوامی مسائل کو اجاگر کریں۔ میر حاصل خان بز نجو نے کہاکہ ماضی میں بلوچستان سمیت قومی وحدتوں کے ساتھ نا انصافیاں کی گئی جس کی وجہ سے ملک میں سیاسی و معاشی عدم استحکام او ربے چینی پھیلی ۔ انہوں نے پاک چائنا اقتصادی راہداری پر با ت چیت کرتے ہوئے کہاکہ اس سلسلے میں بلوچستان کے ساتھ مکمل انصاف کرنا ہوگا۔ ۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں نیشنل پارٹی کی قیادت میں ڈھائی سال ہماری حکومت رہی ہے باجود اس کے ہم مخلوط حکومت میں تھے اور اپنے منشور پرمکمل طورپر عمل درآمد نہیں کر اسکے ۔ لیکن اس کے باوجو دنیشنل پارٹی کے سابقہ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے مثالی حکومت کی ہے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ پر بد ترین مخالفین بھی انگلی نہیں اٹھا سکتے ۔انہوں نے کہاکہ ہم نے ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ بلوچستان میں جماعتی بنیادوں پر بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کروایا ۔انہوں نے کہاکہ نیشنل پارٹی نے بلوچستان میں امن قائم کیا کرپشن اقربا ء پروری اور قومی دولت کی لوٹ مار اغواء برائے تاوان سمیت دیگر سنگین مسائل پر قابو پا کر بلوچستان کو ترقی وخوشحالی کی طرف گامزن کیا ۔ میر حاصل خان بزنجو نے کہاکہ بلوچستان میں متوقعہ مردم شماری پر بھی تحفظات کا اظہار کیا ۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ ادوار کی پیدا کردہ مخصوص صورتحال اور بڑے پیمانے پر افغان مہاجرین کی صوبے میں موجودگی کی وجہ سے اس وقت صوبے میں مرد م شماری کی باتیں کرنا صوبے کا ماحول خراب کرنے کا سبب بنے گا۔ میر حاصل خان بزنجو نے نیشنل پارٹی کی مرکزی نائب صدر اور باونڈیڈ لیبر فیڈریشن کی سربراہ محترمہ سیدہ غلام فاطمہ کو انسانی حقوق کا بین الا قومی ایوارڈ ملنے پر مبارک باد دی ۔