|

وقتِ اشاعت :   February 23 – 2016

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اﷲ خان زہری نے گوادر میں پانی کی کمی کے سنگین مسئلے کے فوری حل کے ذریعہ عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے اہم نوعیت کے منصوبوں کیلئے 55.604 ملین روپے کے فنڈز کے اجراء کی منظوری دے دی ہے یہ منظوری انہوں نے محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی جانب سے بھجوائی گئی سمری پر دی جس میں بتایاگیا ہے کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری (ترقیات) کی سربراہی میں گوادر کے دورہ کرنے والی ٹیم نے گواد ر میں پانی کے مسئلے کے حل کیلئے اقدامات کا جائزہ لیکر فوری نوعیت کے منصوبوں کی سفارشات تیار کی ہیں۔ سمری کے ذریعہ پانی کی فراہمی کے مختلف منصوبوں پر فوری آغاز کیلئے27.802 ملین روپے کرواٹ کے مقام پر بی ڈی اے کے ڈی سیلینیشن پلانٹ کیلئے پمپنگ اور سپلائی مشینری کیلئے6.651 روپے اور سب ڈویژن میزانی میں بوسٹنگ سٹیشن کی استعداد کار میں اضافے کے منصوبے کیلئے21.151ملین روپے کی فراہمی کی سفارش کی گئی تھی جس کی وزیراعلیٰ نے منظوری دیتے ہوئے ان منصوبوں پر فوری طور پر کام کا آغاز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ نے پسنی ٹاؤن ضلع گوادر میں بھی پانی کی کمی کے بحران کے پیش نظر عوام کو ٹینکروں کے ذریعہ صاف پانی کی فراہمی کیلئے بھی20ملین روپے کے فنڈز کے اجراء کی منظوری دی ہے یہ منظوری بھی انہوں نے محکمہ پی ایچ ای کی جانب سے بھجوائی گئی سمری پر دی یہ فنڈز ڈپٹی کمشنر گوادر کی زیر صدارت قائم کمیٹی کے ذریعہ استعمال کئے جائیں گے۔