دبئی: پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے سربراہ وسابق صدر آصف علی زرداری نے کہاہے کہ تاریخ کے نازک ترین موڑ پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا مدت ملازمت میں توسیع نہ لینے کا بیان قبل ازوقت ہے، امید ہے ان کی قیادت میں جاری آپریشنز میں دہشتگرد وں کامکمل خاتمہ کیاجائیگا ، قوم اور سیاسی قوت مسلح افواج کے شانہ بشانہ یک جان ہوکر دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکے، فوج کی قربانیاں اور فتوحات کو سیاسی اختلافات اور موقع پرستی کی نظر نہیں کرنا چاہیے، پیپلز پارٹی فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ منگل کو اپنے ایک بیان میں آصف علی زراداری نے کہا کہ پاکستان کئی سال سے مختلف مسائل سے دوچار ہے اور اندرونی بیرونی عناصر دشمن سے مل کر ملکی سلامتی اور امن وامان کو خطرات سے دوچار کر رہے ہیں۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ ملک کی سلامتی اور استحکام کیلئے فوج کے شاندار کردار پر قوم کو فخر ہے ۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے توسیع نہ لینے کا عندیہ دے کر پیشہ وارانہ رویے کامظاہرہ کیا۔ پیپلزپارٹی فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی کے واقعات ایک بھیانک سازش کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا مدت ملازمت میں توسیع نہ لینے کا اقدام لائق تحسین ہے تاہم تاریخ کے نازک ترین موڑ پر ان کا یہ بیان قبل ازوقت ہے ۔امید ہے جنرل راحیل شریف کی قیادت میں فوج ملک سے دہشتگردوں کا خاتمہ کرکے دہشتگردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ کچھ حلقوں کی طرف سے سیاسی معاملات احتساب یا دیگر قومی معاملات میں فوج کا ممکنہ کردار تلاش کرنا مناسب نہیں۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ جرائم پیشہ گروہ اور علیحدگی کی پسند بیرونی آقاؤں کی مدد سے ملک کو منتشر اور غیر مستحکم کر رہے ہیں۔ قوم اور میڈیا کو قیاس آرائیوں،افواہوں سے گریز کرناچاہیے، آرمی پبلک سکول پشاور پر دہشت گرد حملے کے بعد صورت حال بہت سنگین ہوگئی،انہوں نے کہا کہ کراچی میں منظم جرائم بھتہ خوری بھیانک سازش کاحصہ ہے،خیبرپختونخوا کے تعلیمی اداروں میں دہشتگردی ملک کے خلاف سازش ہے۔