راولپنڈی/شوال: شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب جاری ہے ، سیکورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد کے قریب شوال کے علاقے منگروٹی میں افغانستان فرار ہونے کی کوشش کرنے والے 19دہشتگردوں کو ہلاک کردیاجبکہ کئی دہشتگرد زخمی بھی ہوگئے ، جھڑپ میں ایک افسر سمیت 4جوانوں نے بھی جام شہادت نوش کیا۔ ہفتہ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے شوال میں دہشتگردوں کے خلاف زمینی آپریشن زبردست طریقے سے جاری ہے ۔ سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد کے قریب شوال کے علاقے منگروٹی میں فرار کی کوشش کرنے والے دہشتگردوں کے ایک گروہ کا گھیراؤ کیا جس دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا ۔اس جھڑپ میں 19دہشتگرد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں ایک افسر سمیت 4فوجی جوان بھی شہید ہوگئے ۔قبل ازیں نجی ٹی وی رپورٹ میں دعویٰ کیاگیا تھا کہ منظر خیل میں فورسز کی فضائی کاروائی 12سے زائدشدت پسند ہلاک اور ان کے متعدد ٹھکانے تباہ ہوگئے ۔ رپورٹ کے مطابق فضائی کاروائی کے ساتھ ساتھ فورسز زمینی کارروائی بھی عمل لارہی ہیں اورکاروائی میں ہلاک ہونے والے شدت پسند وں میں طالبان کمانڈرز کے ساتھی بھی شامل ہیں ۔