اسلام آباد: حکومت نے تمام صوبوں کی مشاورت سے سکیورٹی فورسز کی پہلے سے طے شدہ مصروفیات اور جاری سکیورٹی آپریشنز کے باعث مردم شماری کا عمل موخر کر نے کا فیصلہ کیا ہے-نئی تاریخ کا اعلان تمام فریقین کی مشاورت سے کیا جائیگا جبکہ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے منظوری کے بغیر منصوبوں کیلئے فنڈز کے غیر قانونی اجراء پر سخت ناپسندیدگی اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ منصوبہ شروع کر نے والے اورقواعدکی خلاف ورزی کر کے فنڈز ریلیز کر نے والے ذمہ داروں کی نشاندہی کر کے سزا دی جائے ۔مشترکہ مفادات کونسل کااجلاس پیر کو وزیر اعظم محمد نواز شریف کی زیر صدارت وزیر اعظم آفس میں منعقد ہوا ۔اجلاس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ نے شرکت کی مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس کے شرکاء نے کچی کنال پراجیکٹ میں مختلف مراحل پر غیر قانونی اقدامات کا سخت نوٹس لیا اجلاس کو بتایاگیا کہ ابتدائی طورپر قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی (ایکنک )نے منصوبے کیلئے 27.5ارب روپے تخمینہ لاگت کی منظوری 2003میں دی تھی تاہم بعد ازاں پی سی وی پر نظر ثانی کر کے لاگت 57.7ارب روپے کر دی گئی ۔یہ بات بھی نوٹ کی گئی کہ منصوبہ فزیبلٹی سٹڈی اور پی سی ون کی پیشگی منظوری کے بغیر شروع کیا گیا ۔وزیر اعظم نے ان کی منظوری کے بغیر منصوبوں کیلئے فنڈز کے غیر قانونی اجراء پر سخت ناپسندیدگی اور تشویش کا اظہار کیا ۔انہوں نے ہدایت کی کہ منصوبہ شروع کر نے والے اورقواعدکی خلاف ورزی کر کے فنڈز ریلیز کر نے والے ذمہ داروں کی نشاندہی کر کے سزا دی جائے ۔انہوں نے کہاکہ ملک قومی خزانے کو نقصان پہنچا کر اس طرح کے منصوبوں کا متحمل نہیں ہوسکتا ۔انہوں نے کہاکہ اگر اس عمل میں کوئی محکمہ یا افراد ملوث ہیں تو ان کے خلاف کارروائی کی جانی چاہیے ۔مشترکہ مفادات کونسل نے کچی کنال منصوبہ میں مبینہ بے ضابطگیوں اور غیر قانونی اقدامات کے ذمہ داروں کا تعین کر نے کیلئے انکوائری کمیشن قائم کر نے کی بھی منظوری دی ۔کمیشن کی سربراہی سپریم کورٹ یا ہائی کورٹ کے ایک ریٹائرڈ جج کرینگے جبکہ سیکرٹری پانی وبجلی ٗ سیکرٹری منصوبہ بندی و اصلاحات اور سیکرٹری فنانس کمیشن کے ارکان میں شامل ہونگے ۔پاکستان کیلئے منصوبے کی اہمیت اجاگر کر تے ہوئے وزیر اعظم نے کہاکہ تازہ فزیبلٹی سٹڈی عملدر آمد پلان کے ساتھ جلد از جلد تیار کی جائے ۔اجلاس کے دور ان پاکستان میں مردم شماری کے انعقاد کا معاملہ تفصیل سے زیر غور لایا گیا ۔سیکرٹری شماریات ڈویژن شاہد حسین اسد نے اجلاس کو ملک میں مردم شماری کے انعقاد کیلئے کی گئی تیاریوں سے آگاہ کیا ۔اجلاس کے شرکاء کو بتایاگیا کہ ملک کو ایک لاکھ 66ہزار 819(166819)بلاکس میں تقسیم کیا گیا ہے جس کیلئے دو لاکھ دس ہزاردو سو انتالیس (210239)افراد پر مشتمل عملے کی ضرورت ہے ۔اجلاس کوبتایاگیا کہ چونکہ پاکستان کی مسلح افواج آپریشن ضرب عضب میں مصروف ہیں ملک بھر میں مارچ ٗ اپریل کے دور ان مردم شماری کے انعقاد کیلئے مطلوبہ تعداد میں فوجی اہلکاروں تعیناتی ممکن نہیں ہے ۔مشترکہ مفادات کونسل نے متعلقہ حکام کو پاکستان کی مسلح افواج سے مشاورت کر نے کی ذمہ داری سونپی تاکہ مطلوبہ تعداد میں انسانی وسائل دستیاب ہو سکیں اور مردم شماری کیلئے نئی تاریخ تجویز کی جاسکے ۔اجلاس کو سیلاب کی روک تھام کیلئے نیشنل فلڈ پروٹیکشن پلان فور(2015-25)کے بارے میں بریفنگ دی گئی ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام صوبوں اور سٹیک ہولڈر کی مشاورت سے جامع فزیبلٹی سٹڈیز 25مارچ 2016ء کو ہونے والے کونسل کے آئندہ اجلاس سے قبل تیار کی جائیں ۔اجلاس کے شرکاء کا کہنا تھا کہ نیشنل فلڈ پروٹیکشن پلان انتہائی قومی اہمیت کا منصوبہ ہے اس لئے آئندہ اجلاس میں صرف اسی معاملے کو سنگل آئٹم ایجنڈا کے طورپر زیر غور لایا جائیگا۔وزیر پانی وبجلی ٗ وزیر موسمیاتی تبدیلی اور چاروں وزرائے اعلیٰ پر مشتمل کمیٹی منصوبہ پیش کریگی۔اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے 1991میں طے پانے والے پانی کے تاریخی معاہدے پر وزیر اعظم کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ صوبوں کے مابین پانی کی تقسیم کا خامیوں سے پاک میکنزم ہے ۔وزیر اعلیٰ نے کراچی میں 16ارب روپے کی لاگت سے گرین لائن بس سروس منصوبہ کے اجراء پر بھی تشکر کا اظہار کیا وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا پرویز خٹک نے نیٹ ہائیڈل منافع کادیرینہ تنازعہ حل کر نے اور خیبر پختون خوا کے بقایا جات اور چشمہ رائٹ بینک اپ لفٹ کنال کے مسائل حل کر نے پر وزیر اعظم سے تشکر کا اظہار کیا ۔وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا نے کہاکہ صوبہ کے کچھ ہائیڈل پراجیکٹ کیلئے منظوری درکار ہے جس پر وزیر اعظم نے کہاکہ ان منصوبوں کو منظوری کیلئے بغیر کسی تاخیر کے وفاقی حکومت کو پیش کیا جائے ۔اجلاس کے دور ان پاکستان انرجی ایفشنسی اینڈ انرجی کنزرویشن بل 2014ء کے ایجنڈا ایٹم کو بھی زیر غور لایا گیا اجلاس کوبتایا گیا کہ پارلیمنٹ نے مسودے کی منظوری دیدی ہے ۔مشترکہ مفادات کونسل نے سکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن بل کے مسودے کی بھی منظوری دی ۔اجلاس میں وفاقی وزیر برائے اورسیز پاکستانیز پیر صدر الدین شاہ راشدی ٗ وزیر سیفران لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عبد القادر بلوچ ٗوزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف ٗ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف ٗ وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ ٗ وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا پرویز خٹک ٗ وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری ٗ وزیر اعظم کے سیکرٹری فواد حسن فواد ٗ چیف سیکرٹری پنجاب خضر حیات گوندل ٗ چیف سیکرٹری سندھ صدیق میمن ٗ چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا امجد علی خان اور چیف سیکرٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ نے شرکت کی ۔