|

وقتِ اشاعت :   March 1 – 2016

اسلام آباد: حکومت نے سی این جی کی قیمتوں میں کمی کے بعد قوم کوایک اور بڑی خوشخبری دیتے ہوئے پٹرول کی قیمت میں ساڑھے آٹھ روپے کمی کا اعلان کر دیا جب کہ وزیر اعظم نواز شریف نے بجلی کی قیمتوں میں بھی کمی کا عندیہ دے دیا۔ پیر کونئے ماہ کے آغاز پر ہی وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے مہنگائی کے ہاتھوں پسی قوم کو خوشخبری سناتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیموں میں خاطر خواہ کمی کا اعلان کردیا جس کے تحت پٹرول کی قیمت میں 8روپے48پیسے، ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 67پیسے کمی کردی گئی ہے ۔ اسی طرح لائٹ ڈیزل ایک روپیہ 97پیسے اور ہائی اوکٹین 2روپے 98پیسے سستا کیا گیا ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ مٹی کے تیل میں ایک روپیہ 66پیسے کی کمی کی سفارش اس لئے مسترد کی گئی کیونکہ عوام مٹی کا تیل استعمال نہیں کر تے ۔وزیر اعظم کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کے حوالے سے دی گئی منظوری کے تحت اب پٹرول کی نئی قیمت 62 روپے 77پیسے ہوگی جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل 71روپے62پیسے میں فروخت ہوگا۔ قیمتوں کا اطلاق (آج ) سے ہوگیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان خطے میں وہ واحد ملک ہے جو عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات میں قیمتوں میں ہونے والی کمی کا فائدہ عوام کو منتقل کر رہا ہے ۔ ہم نے عوام کو مقدم جانا ہے خواہش ہے کہ پاکستان میں ایکسائز ڈیوٹی اور ٹیکسز کو بھی کم کریں ۔ وزیر اعظم نے سی این جی اور پٹرولیم مصنوعات کے بعد بجلی کی قیمتوں میں بھی کمی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بجلی کی قیمتوں میں بھی کمی کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ میں کمی کے ساتھ ساتھ بجلی کی قیمتوں میں بھی کمی کی گئی ہے ۔ گیس کوئلے اور ہوا سے چلنے والے بجلی کے کارخانے لگائے جا رہے ہیں ۔ واضح رہے کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں طور پر کمی سامنے آئی ہے ۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نمایاں کمی کا مختلف سیاسی جماعتوں اور شہریوں نے خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی خوش آئند ہے اس سے غریب عوام کو ریلیف مل سکے گا اور مہنگائی میں کمی واقع ہوگی ۔