چکوال: وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان نے گزشتہ اڑھائی سال میں بہت سی مشکلات پر قابو پالیا ہے، وہ دن دورنہیں جب پاکستان تمام چیلنجز سے نمٹ کرخوشحال ملک بن جائے گا۔ انہوں نے یہ بات منگل کو چکوال کے گاؤں بھرپور میں معروف نعت خواں عبدالرزاق جامی کی اہلیہ کے انتقال پر تعزیت کے بعد عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ پاکستان آگے بڑھے، ترقی کرے، لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہم لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے دن رات کام کررہے ہیں اور مجھے یقین ہے کہ 2018ء تک جب ہماری حکومت کی مدت ختم ہوگی تو ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہو چکا ہو گا۔ محمد نوازشریف نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ کسان ترقی کریں، زمینداربھائی ترقی کریں، حکومت ان کیساتھ کھڑی ہو کر ان کے حالات ٹھیک کرنے میں مدد کرے، اسی طرح عام آدمی کی حالت بھی بہتر ہونی چاہئے اوراس کیلئے ہم دن رات کوشش کررہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان آہستہ آہستہ مشکلات سے باہر نکل رہا ہے اوروہ وقت دور نہیں جب پاکستان اپنی تمام مشکلات پر قابو پالے گا اور ایک خوشحال ملک بنے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ بھرپر اور چکوال کے عوام نے مسلم لیگ ن کو جومینڈیٹ دیا اس پر وہ عوام کے مشکور ہیں۔ محمد نوازشریف نے کہا کہ وہ عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلئے دن رات کام کرنے کے خواہاں ہیں اور وہ کر رہے ہیں۔ گزشتہ اڑھائی سال میں اللہ تعالیٰ نے ملک کی بہت سی مشکلات دور کردی ہیں، انشاء اللہ 2018ء تک باقی چیلنجز پر بھی قابو پا لیں گے۔ وزیراعظم نے بھرپر میں بجلی کی فراہمی کیلئے ایک کروڑ روپے گرانٹ کا اعلان کیا اورعوام کو یقین دلایا کہ انہیں بجلی فراہمی کا عمل جلد مکمل ہوجائیگا۔ محمد نوازشریف نے عوامی اجتماع میں شریک بچوں اوربچیوں سے کہا کہ ملک وقوم کی ترقی اورخوشحالی کیلئے دعا کیا کریں کیونکہ اللہ تعالیٰ بچوں کی دعائیں جلد قبول فرماتا ہے۔ بچوں نے یک زبان ہوکر انہیں دعا دی تومحمد نوازشریف نے کہا کہ ملک و قوم کیلئے دعاکریں میری ذات بھی اسی میں شامل ہے۔ قبل ازیں بھرپور، چکوال پہنچنے پر علاقے کے عمائدین اور لوگوں نے وزیراعظم کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔