|

وقتِ اشاعت :   March 14 – 2016

اسلام آباد: وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے کہا ہے کہ صوبے میں ٹیکس فری انڈسٹریل زون قائم کئے جائیں گے تاکہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کیا جا سکے ۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ سے بلوچستان انتہائی اہمیت اختیار کر گیا ہے انہوں نے کہا کہ رقبہ کے لحاظ سے بلوچستان ملک کا سب سے بڑا منصوبہ ہے اور اقتصادی راہداری منصوبہ کے تحت صوبائی حکومت بلوچستان کے مختلف مقامات پر ٹیکس فری صنعتی زونز کے قیام پر غور کر رہی ہے تاکہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کیا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو زمین کے ساتھ ساتھ دیگر مراعات بھی دی جائینگی جس سے صوبہ کی صنعتی ترقی میں مدد ملے گی۔دریں اثناء وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ پولیو کی صورت میں درپیش چیلینج سے نمٹنے اور حکومتی کوششوں کو تقویت پہنچانے کے لئے معاشرے کے تمام حلقوں کا تعاون بھی اشد ضروری ہے۔ لہذا وہ والدین سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ 14مارچ سے شروع ہونے والی تین روزہ پولیو مہم میں پولیو ٹیموں سے بھر پور تعاون کرتے ہوئے اپنے بچوں کو اس مہلک بیماری سے بچاؤ کی ویکسین ضرور پلائیں جبکہ قبائلی وسیاسی عمائدین اور علماء کرام بھی پولیو مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے اپنا کردار موثر طریقے سے ادا کریں۔ بلوچستان کو پولیو سے مکمل طور پر پاک کرنا حکومت کی ذمہ داری کے ساتھ معاشرتی فریضہ بھی ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ہم پولیو کے خاتمے کے لئے پر عزم ہیں اور وہ دن دور نہیں جب ہم یہ ہدف حاصل کرلینگے۔ گزشتہ چندماہ کے دوران صوبے میں پولیو کی صورتحال تسلی بخش رہی ہے اور گزشتہ سالوں کی نسبت بہت کم کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف سیکرٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ کی ذاتی طور پر پولیو مہم کی نگرانی کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ پولیو ٹیموں کو ٹرانسپورٹ سمیت دیگر سہولتوں کی فراہمی اور انکے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنا کر پولیو مہم کے مقرر کردہ اہداف حاصل کئے جائیں۔