کوئٹہ: پاکستان تحریک انصاف نے حلقہ این اے 267کے ضمنی انتخاب میں ایک بار پھر اپنے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جانبدار ڈپٹی کمشنر جھل مگسی کو فوری طور پر تبدیل کرکے انتخابات کیلئے سازگار ماحول فراہم نہ کیا گیا توپی ٹی آئی سخت احتجاج پر مجبور ہوگی اور سوموار 21مارچ کو صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں احتجاجی ریلی نکالی جائے گی اوراہم شاہراہوں کو بند کیا جائے گا۔پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے آرگنائزر سرداریار محمد رند کی زیرصدارت پیر کو پی ٹی آئی سیکرٹریٹ کوئٹہ میں منعقدہ صوبائی کونسل کے اجلاس میں حلقہ این اے 267کے ضمنی انتخابات پر غورکیا گیا اور انتخابی عمل سے قبل متنازعہ اسسٹنٹ کمشنر ڈھاڈر وسیم احمد کی بطور قائم مقام ڈپٹی کمشنر جھل مگسی تعیناتی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ موصوف کے عوام دشمن اقدامات کی وجہ سے ڈھاڈرمیں تین روز تک مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال رہی اور عوام میں شدید اضطراب رہا اور کچھی کے عوام طویل احتجاج پر مجبور ہوئے پی ٹی آئی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پارٹی کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان اور صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان کو تحریری طور پر دیئے گئے تحفظات اور شکایات کا ازالہ نہ کیا گیا تو 21مارچ کو کوئٹہ میں میٹروپولیٹن کارپوریشن سے ہاکی چوک تک احتجاجی ریلی نکالی جائے گی اور مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا ۔پی ٹی آئی کی صوبائی کونسل نے الیکشن کمیشن آف پاکستان اور صوبائی الیکشن کمشنر سے مطالبہ کیا کہ حلقہ این اے 267پر صاف و شفاف انتخابات کیلئے عدلیہ کے افسران تعینات کئے جائیں اور پولنگ اسٹیشنوں کے اندر اور باہر پاک فوج تعینات کی جائے جبکہ الیکشن کا ماتحت عملہ ضلع جھل مگسی کے باہر سے سرکاری ملازمین کو تعینات کیا جائے ان مطالبات پر آئندہ تین روز تک عملدرآمد نہ کیا گیاتواحتجاج کا دائرہ کار بلوچستان کے ضلعی ہیڈ کوارٹرز تک وسیع کیا جائے اور بین الصوبائی شاہراہیں بند کرکے احتجاج کیا جائے گاجس کی جملہ ذمہ داری مسلم لیگ(ن) کی وفاقی اور صوبائی حکومتوں اور تخت رائے ونڈ کے متعین کردہ چیف سیکرٹری بلوچستان پر ہوگی۔اجلاس میں مستقبل کے احتجاجی لائحہ عمل اورانٹراپارٹی الیکشن سے متعلق دو علیحدہ علیحدہ کمیٹیاں تشکیل د ی گئیں جن میں میر محمداسماعیل لہڑی ،محمد عظیم کاکڑ،نصر اللہ رند،ایڈووکیٹ فرزانہ خلجی ،شمس الدین رند،سردارخادم حسین وردگ شامل ہونگے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے چیف آرگنائزر سردار یار محمد رند نے کہا کہ حلقہ این اے 267پر سپریم کورٹ آف پاکستان کے فورم پر دو مرتبہ دھاندلی ثابت ہوچکی تاہم اب ایسی کسی دھاندلی کو عوام ہرگز قبول نہیں کرینگے اور دھاندلی کی ہر سازش کو ناکام بنادیا جائے گا ۔سردار رند نے کہا کہ پی ٹی آئی عوام کی امیدوں کا محورہے اس لئے کارکن کرپشن سے پاک ترقی یافتہ اورروشن پاکستان کی تشکیل اورگڈگورننس کے قیام کیلئے عملی جدوجہد کریں۔اجلاس میں نوابزادہ محمد شریف جوگیزئی ،محمد عظیم کاکڑ،میرمحمداسماعیل لہڑی،داود شاہ،فیصل دہوار،ایڈووکیٹ شمس الدین رند،ایڈووکیٹ فرزانہ خلجی ،ظفراللہ بلوچ،میر عبدالرحیم رند،میر گوداخان ہجوانی،وڈیرہ عرض محمد عمرانی ،میر خدا بخش لہڑی اور دیگر نے شرکت کی۔