راولپنڈی: خیبر ایجنسی اور چلاس میں سیکیورٹی فورسز سے جھڑپوں کے دوران 8 دہشت گرد ہلاک جب کہ 2 اہلکار شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چلاس میں وادی تریل کے گاؤں گیال میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا گیا۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں سے جھڑپ ہوئی اور اس میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ کارروائی کے دوران 2 سیکیورٹی اہلکار بھی شہید ہوئے۔ ہلاک ہونے والے دہشت گرد شاہراہ قراقرم پر ٹرانسپورٹ، سیاحوں اور فورسز پر حملوں میں مطلوب تھے، کارروائی کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کیا جارہا ہے۔
دوسری جانب خیبر ایجنسی کے درہ درمو دراب میں دہشت گردوں نے فورسز کی چوکی پر فائرنگ کی، چوکی پر تعینات جوانوں نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے اس حملے کو ناکام بنا دیا، جھڑپ کے دوران 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ فورسز نے دہشت گردوں کی لاشیں قبضے میں لے لیں ہیں جنہیں پولیٹیکل انتظامیہ کے حوالے کیا جائے گا۔
خیبر ایجنسی اور چلاس میں سیکیورٹی فورسز سے جھڑپوں کے دوران 8 دہشت گرد ہلاک
وقتِ اشاعت : March 17 – 2016