|

وقتِ اشاعت :   March 23 – 2016

ملک بھر میں 76 واں یوم پاکستان آج ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے جب کہ اس موقع پر وفاقی دارالحکومت میں صبح کا آغاز 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔
آج ملک بھر میں یوم پاکستان انتہاپسند اوردہشت گرد قوتوں کوشکست دے کر ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے عزم کے ساتھ منایاجارہا ہے، صبح کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا جب کہ اس موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ یوم پاکستان کے موقع پر تمام سرکاری اورنجی عمارتوں پر قومی پرچم بھی لہرایا گیا ہے، نماز فجر کے بعد ملک بھرمیں قوم کی خوشحالی اورسلامتی کے لئے دعائیں مانگی گئیں جب کہ اسلام آباد میں تینوں مسلح افواج کی شاندار پریڈ کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں صدر مملکت ممنون حسین، وزیراعظم نواز شریف، وفاقی وزرا، مسلح افواج کے سربراہان اور دیگر اعلیٰ شخصیات بھی شریک ہیں۔ دوپہر میں ایوان صدر میں تقسیم اعزازت کی تقریب ہوگی جس میں صدر ممنون حسین مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو ایوارڈ اور تمغے سے نوازیں گے۔ یوم پاکستان کی مناسبت سے تقاریب کے لیے ملک بھر میں سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں جب کہ اسلام آباد میں یوم پاکستان کی پریڈ کے موقع پر انتہائی سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں جس کے تحت جڑواں شہرون میں دوپہر 3 بجے تک موبائل فون سروس بھی معطل رہے گی۔ رات 12 بجتے ہی لاہور میں منٹو پارک اور گلش پارک میں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا جس سے مینار پاکستان رنگ برنگی آتش بازی سے چمک اٹھا۔ دوسری جانب یوم پاکستان پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نوازشریف نے كہا ہے كہ دہشت گردی اور شدت پسندی كی شكل میں بے مثال خطرات اور چیلنجز كا سامنا ہے تاہم ہم نے ان خطرات كو شكست دینے كا پختہ عزم كرركھا ہے اورہم اپنی سرزمین وطن سے جلد ہی دہشت گردی اور شدت پسندی كا مكمل خاتمہ كردیں گے۔ یوم پاکستان کے موقع پر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پہلی بار موسیقی کا اہتمام کیا گیا ہے جس میں راحت فتح علی خان اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے، صوفی نائٹ امن کی موسیقی کے نام سے منعقد ہونے والی اس تقریب کا مقصد عالمی سطح پر امن اور ہم آہنگی کا پیغام عام کرنا ہے۔